پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم کو 1.5 ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے ملکرکام کرنا ہو گا، صدر ممنون حسین

ہفتہ 18 جنوری 2014 15:26

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم کو 1.5 ارب ڈالر تک ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جنوری 2014ء) صدرممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم کو 1.5 ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے ملکرکام کرنا ہو گا، تجارتی وفود کے تبادلے اور تاجر و صنعت کار برادری کے مابین رابطوں کے فروغ سے ان کوششوں کو مزید تقویت دی جا سکتی ہے ،دہشت گردی کی لعنت کے خلاف سری لنکا کی حکومت اور عوام کی بہادری اور جدوجہد قابل تحسین ہے ۔

وہ ہفتہ کو یہاں ایوان صدر میں سری لنکا کے وزیر آبپاشی و واٹر ریسورسز مینجمنٹ نمل سری پالا ڈسلوا سے ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے ملاقات میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور مختلف شعبوں میں تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین کئی شعبوں بالخصوص اقتصادی شعبوں میں تعاون کی وسیع استعداد موجود ہے جن سے بھرپور استفادہ کی ضرورت ہے، دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کیلئے دستیاب مواقع سے بھرپور استفادہ کے حوالہ سے بھرپور کوششوں کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھاتے ہوئے کہا کہ آزادانہ تجارت کے معاہدہ کو مزید دوستانہ اور بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس ضمن میں تجارتی وفود کے تبادلے اور تاجر و صنعت کار برادری کے مابین رابطوں کے فروغ سے ان کوششوں کو مزید تقویت دی جا سکتی ہے۔ صدر مملکت نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان قائم تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تعلقات و تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے بھرپور سیاسی عزم پایا جاتا ہے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف اور سری لنکا کے صدر مہندا راجا پاکسے کے مابین نیویارک میں گذشتہ ستمبر کو ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اس طرح کے اعلی سطحی رابطوں سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ علاوہ ازیں دونوں ممالک کے عوام کے فائدے کیلئے مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہو گا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور پاکستان کی جانب سے سری لنکا کو مختلف چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے حوالہ سے تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔

صدر مملکت نے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف سری لنکا کی حکومت اور عوام کی بہادری اور جدوجہد کو سراہتے ہوئے سری لنکا کے وزیر کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان بین الاقوامی فورمز پر سری لنکا کو بھرپور تعاون فراہم کرے گا۔ سری لنکا کے وزیر نے سری لنکا کے ساتھ تعاون پر صدر مملکت اور پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی حکومت اور عوام پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ دوستی اور تعلقات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔