یوتھ فیسٹیول ایشیا میں کھیلوں کا سب سے بڑا پلیٹ فارم بن گیا ہے‘ حنا پرویز بٹ

ہفتہ 18 جنوری 2014 15:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جنوری 2014ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی رہنماء و ممبر صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ یوتھ فیسٹیول ایشیا میں کھیلوں کاسب سے بڑا پلیٹ فارم بن گیا ہے جہاں نوجوانوں کو ہر شعبہ زندگی میں اپنے جوہر دکھانے کا موقع مل رہا ہے، 2014ء کے یوتھ فیسٹیول میں ایک نئی تاریخ رقم ہوئی ہے جس میں جیلوں کی سطح پر بھی مقابلوں کا انعقاد کرایا گیا ہے اور قیدیوں نے بڑی دلچسپی لی ہے، 2013ء میں منعقد ہونے والے یوتھ فیسٹیول میں 32 لاکھ افراد نے شرکت کی تھی اس مرتبہ مختلف کھیلوں اور دیگر سرگرمیوں میں حصہ لینے والے افراد کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھ فیسٹیول کا تیسرا مرحلہ تحصیل کی سطح پر صوبہ بھر میں شروع ہوگیا ہے جس میں عوام الناس، انفرادی مقابلے، دیہاتی سیکٹر، سپورٹس سیکٹر، سکینڈری سکول (مرد) و (خواتین) کے علاوہ فیملی مقابلے ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف کے ویژن اور حمزہ شہباز شریف کی کوششوں سے نوجوان نسل کو کھیلوں کے شعبہ میں اپنے جوہردکھانے کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ دیگر صوبوں کو بھی ایسے یوتھ فیسٹیول منعقد کرنے چاہیے تاکہ وہاں کے نوجوانوں کو بھی کھیلوں کے مواقعے مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاالله مستقبل میں بھی ایسی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی جن سے کھیلوں کو فروغ دیا جا سکے۔