حکومت مشرف کی پھانسی نہیں ، صرف مثال بنانا چاہتی ہے ، امریکی اخبار وال سٹریٹ

ہفتہ 18 جنوری 2014 13:31

حکومت مشرف کی پھانسی نہیں ، صرف مثال بنانا چاہتی ہے ، امریکی اخبار وال ..

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جنوری 2014ء) امریکی اخباروال اسٹریٹ جرنل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ حکومت مشرف کی پھانسی نہیں ، صرف مثال بنانا چاہتی ہے ،طبی وجوہ پر مشرف کو ملک سے جانے سے عدالتوں،فوج اورحکومت کی فیس سیونگ کا رستہ نکل سکتا ہے ،مشرف کے خلاف غداری مقدمے نے حکومت اور فوج کے درمیان دوبارہ کشیدگی کے خدشات پیدا کردیئے ہیں ۔

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پرویز مشرف مجرم ٹھہرایا گیا تو پھانسی کے ذریعے انہیں سزائے موت کا سامنا ہو سکتا ہے کیونکہ غداری کی سزا موت ہے۔ سزا کی صورت میں حکومت کیلئے فوج کے ساتھ تصادم کا رستہ نکل سکتا ہے،عدالتوں کیلئے اس طرح کی سزا بے چینی کے سوالات کھڑے کردے گی کیونکہ عدالتوں نے ہمیشہ فوجی حکومتوں کو تحفظ فراہم کیا ایک اعلی حکومتی عہدیدار نے اخبارکو بتایا کہ حکومت غداری کے الزامات ثابت کرکے مشرف کو ایک مثال بنانے کے لئے بے چین ہے تاہم وہ اسے پھانسی پر لٹکتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے اور انہیں کچھ رعایت دے کر ملک چھوڑ نے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اخبا ر کے مطابق حکومت مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ تو لائی تاہم ملک میں فوج کے غلبے کی وجہ سے سابق آرمی چیف کو سزا ہونے کی امید نہیں۔سابق فوجی آمرپرویز مشرف نے عارضہ قلب کے علاج کیلئے عدالت سے امریکا جانے کیلئے پاکستان چھوڑنے کی اجازت طلب کی۔اخبار نے ٹیکساس کے مشرف کے ڈاکٹر کی رپورٹ کا حوالہ بھی دیا کہ اسے امریکا بھیجا جائے تاہم فلوریڈ اکے ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے راولپنڈی کے اسپتال کی رپورٹ واضح کرتی ہے کہ مشرف کو معمولی سی دل کی بیماری ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملک کی 66 سالہ تاریخ میں مشرف چوتھے فوجی حکمران تھے جنہوں نے بزور طاقت ملک پر قبضہ کیاکسی بھی آمرکو عدالتوں کی طرف سے سزا نہیں ہوئی۔ایک سیاسی تجزیہ کار کے نزدیک اگر طبی ثبوت ٹھوس ہوئے تو عدالتوں کومشرف کو علاج کے لئے ملک سے جانے کی اجازت دینا پڑے گی۔یہ راستہ تمام جماعتوں کے لئے محفوظ ہوگا یہ اس نازک صورت حال سے نکلنے کا بہترین رستہ ہے، تاکہ ملک کے سیاسی استحکام کو خطرہ نہ ہو۔غداری کے علاوہ مشرف کے خلاف بے نظیر بھٹو،بلوچ رہنما کے قتل اورلال مسجد واقعے کے بھی مقدمات ہیں جن میں انہیں ضمانت دی جا چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :