سید علی گیلانی بدستور گھر میں نظر بند،حریت کانفرنس کی شدید مذمت ،26 جنوری کو ہڑتال کی کال دیدی

ہفتہ 18 جنوری 2014 13:25

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جنوری 2014ء) چیئرمین حریت کانفرنس اور بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی بدستور گھر میں نظر بندی کی حریت کانفرنس نے شدید مذمت کرتے ہوئے 26 جنوری کو ہڑتال کی کال دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین حریت کانفرنس سید علی گیلانی کئی عرصے سے مسلسل اپنے گھر میں نظربند ہیں انہیں نماز جمعہ ادا کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی۔

(جاری ہے)

حریت کانفرنس نے پابندی کو غیر قانونی اور بلاجواز قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے آزادی پسند رہنماء پر سختی کے تمام سابق ریکارڈ توڑدیئے ہیں اور ان کے دور میں انہیں طویل ترین عرصے تک نظربند رکھا گیا ہے۔ حریت کانفرنس نے اس موقع پر 26جنوری کو مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت جب تک کشمیریوں کے جمہوری حق حق رائے دہی کو واگزار نہیں کراتا یوم جمہوریہ منانے کا اس کے پاس کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا بھارت دنیا کی ایک بڑی جمہوریہ ہونے کا دعویدار ملک ہے لیکن جموں کشمیر میں وہ جمہوریت کی بجائے صرف ملٹری مائیٹ پر بھروسہ کرتا ہے، جموں وکشمیر میں بھارت کا جمہوری دعویٰ دنیا کے سامنے آرہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :