مولانا عثمان یارخان اور رفقاء کی شہادت افسوسناک ہے، حکومت قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرے

ہفتہ 18 جنوری 2014 13:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جنوری 2014ء)کراچی میں مولانا عثمان یار خان اور ان کے رفقاء کی شہادت کا سانحہ افسوسناک ہے ،حکومت قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرے ،علماء کرام اور مذہبی رہنماوٴں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی جائے ،اگر علماء کرام کی پے درپے شہادتوں کا سلسلہ نہ رکا تو اس کے بھیانک نتائج سامنے آسکتے ہیں ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے رہماوٴں شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں مولانا عثمان یار خان اور ان کے رفقاء کی شہادت کا سانحہ افسوسناک ہے ، انہوں نے صوبائی اور مرکزی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ علماء کرا م کی ٹارگٹ کلنگ کے معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور علماء کرام کے قتل میں ملوث لوگوں کو فی الفور گرفتار کر کے قرار واقعی سزادیں ۔

(جاری ہے)

وفاق المدارس کے قائدین نے کہا کہ حکمران علماء وطلباء اور مساجد ومدارس کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں ۔آج ضرورت اس امر کی ہے کہ علماء کرام اور مذہبی رہنماوٴں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی جائے ۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے رہنماوٴں نے خبردار کیا کہ اگر علماء کرام کی پے درپے شہادتوں کا سلسلہ نہ رکا تو اس کے بہت بھیانک نتائج سامنے آسکتے ہیں ۔