بھارت سے بجلی خریدنے کی راہ جلد ہموار ہو جائیگی ، خرم دستگیر ،باہمی تجارت کو فروغ دینے کی راہ میں ویزے کا موجودہ نظام ایک بڑی رکاوٹ ہے ، بھارتی ہم منصب سے (کل )ملاقات کرونگا ، واہگہ کے راستے پاک بھارت تجارت کو فروغ دینے پر اتفاق ہوجائیگا ، وزیر تجارت کا انٹرویو

جمعہ 17 جنوری 2014 22:07

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری ۔2014ء) وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی وفاقی کابینہ جب ہی ملکی گرڈ کو بھارتی گرڈ سے جوڑنے کی اجازت دیگی تو اس کے بعد بھارت سے بجلی خریدنے میں کوئی رکاوٹ نہیں رہے گی۔برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ رواں یا آئندہ ماہ کے وسط تک پاکستان کی وفاقی کابینہ ملکی گرڈ کو بھارتی گرڈ سے جوڑنے کی اجازت دے دے گی جس کے بعد بجلی کی خرید و فروخت میں کوئی رکاوٹ نہیں رہے گی اور حوالے سے پیش رفت جاری ہے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ باہمی تجارت کو فروغ دینے کی راہ میں ویزے کا موجودہ نظام ایک بڑی رکاوٹ ہے۔

انھوں نے کہا کہ کچھ تو تکنیکی رکاوٹیں ہیں جنھیں دور کرنے کی ضرورت ہے تاہم ایک بہت بڑا معاملہ ویزے پر پابندیوں کا ہے جس کی وجہ سے کاروبار کا حجم متاثر ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر تجارت نے کہاکہ دونوں ممالک کے تعلقات میں اتار چڑھاوٴ آتے رہتے ہیں جس سے کاروبار کے لیے سازگار ماحول قائم نہیں ہو پاتاخرم دستگیر خان نے عندیہ دیا کہ دونوں ممالک اب موسٹ فیورڈ نیشن (ایم ایف این) یا تجارت کیلئے پسندیدہ ملک کا درجہ دینے کی بجائے این ڈی ایم اے یعنی بازاروں تک غیر امتیازی رسائی کے نام سے ایک نئے نظام پر بات کر رہے ہیں تاہم بھارت نے باضابطہ طور پر ابھی یہ عندیہ نہیں دیا ہے کہ وہ ایم ایف این پر اسرار نہیں کرے گا انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ دونوں ممالک کو مارکیٹ تک غیر امتیازی رسائی حاصل ہو، ایم ایف این بھی اسی کا ایک الگ نام ہے، نام آپ کچھ بھی رکھ لیجیے۔

وزیر تجارت نے کہاکہ جب وہ(کل) ہفتہ کو اپنے بھارتی ہم منصب سے ملیں گے تو واہگہ کے راستے تجارت کو فروغ دینے اور وہاں زیادہ سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق ہو جائے گا تاہم اختلافات ان فہرستوں پر ہیں جن کے تحت بہت سی اشیا کو کاروبار کے زمرے سے باہر رکھا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :