Live Updates

گولی چلانے والوں کو جواب گولی سے ہی دیا جائیگا ، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین ،آئین کو نہ ماننے والوں سے بات کر نے کا فائدہ نہیں ، نیٹو سپلائی بند کر نے کیلئے دھرنا دینا سیاسی جماعتوں کا کام نہیں ، امید ہے تحریک انصاف کی قیادت ذمہ داری کا مظاہرہ کریگی اور نیٹو سپلائی روٹ جلد بحال ہو جائیگا ،وفاقی وزیر کاانٹرویو

جمعہ 17 جنوری 2014 21:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری ۔2014ء) وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ دہشتگردی ملک کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے ، نمٹنے کیلئے حکومت کی پالیسی بڑی واضح ہے ، گولی چلانے والوں کو جواب گولی سے ہی دیا جائیگا ، آئین کو نہ ماننے والوں سے بات کر نے کا فائدہ نہیں ہے ، نیٹو سپلائی بند کر نے کیلئے دھرنا دینا سیاسی جماعتوں کا کام نہیں ، امید ہے تحریک انصاف کی قیادت ذمہ داری کا مظاہرہ کریگی اور نیٹو سپلائی روٹ جلد بحال ہو جائیگا ۔

امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی ترجیح مذاکرات ہیں تاہم جو ”گولی چلائے گا، اْس کو جواب گولی ہی سے دیا جائے یہ تو بالکل واضح ہے اس میں دوسری کونسی سوچ ہو سکتی ہے۔وفاقی وزیر رانا تنویر نے کہا کہ جو پاکستان کے آئین کو مانتا ہے تو اس سے ہم ضرور بات کریں گے اگر کوئی کہتا ہے کہ میں (آئین کو) مانتا ہی نہیں تو اس کے ساتھ بات کرنے کا فائدہ ہی نہیں وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے کل جماعتی کانفرنس میں بھی اْن کے بقول اسی حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

آل پارٹیز کانفرنس پہلے ہوئی ہے تو دوبارہ کیوں نہیں ہو سکتی ان کو سارے حالات بتائے جا سکتے ہیں۔ جتنے بھی فریق اور سیاسی جماعتیں ہیں ہم تو سب کو ’آن بورڈ‘ رکھنا چاہتے ہیں۔پاکستان کے راستے نیٹو افواج کی رسد کی بندش اور اس معاملے پر امریکہ سے تعلقات میں تناوٴ کے بارے میں رانا تنویر حسین نے کہاکہ کشیدگی اور تناوٴ تو نہیں کہہ سکتے تاہم تحفظات تو اْن (امریکہ) کو ضرور ہیں کیوں کہ یہ ایک ایسا راستہ ہے جو اْن کیلئے ’سہل‘ اور قابل عمل ہے۔

وفاقی وزیر نے صوبہ خیبر پختونخواہ کی حکمران جماعت تحریک انصاف کی جانب سے نیٹو سپلائی بندش پر کہا کہ سیاسی جماعتوں کا کام نہیں میں نہیں سمجھتا کہ یہ کام ہونا چاہیے تھا یہ ہماری پالیسی اور مفاد کے بھی خلاف ہے۔وفاقی وزیر رانا تنویر نے اس اْمید کا اظہار بھی کیا کہ تحریک انصاف کی قیادت ذمہ داری کا ثبوت دیگی اور خیبر پختونخواہ سے گزرنے والا نیٹو سپلائی روٹ جلد بحال ہو جائیگا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات