امریکہ نے پشاور تبلیغی مرکزدھماکہ کی تحقیقات میں مدد کی پیشکش کردی، امریکہ کوپاکستان میں جاری انتہا پسندوں کی تشدد آمیز کارروائیوں پربدستور تشویش ہے ،امریکی سفیر رچرڈ اولسن ،امریکہ پاکستان اور خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کیلئے پرعزم ہے ،بیان

جمعہ 17 جنوری 2014 20:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری ۔2014ء) پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے پشاور میں تبلیغی مرکز میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات میں پاکستان کی مدد کرنے کی پیشکش کی ہے ۔ جمعہ کو امریکہ سفارتخانے سے جاری ہونے والے بیان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے تبلیغی مرکز میں ہونیوالے ہولناک دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اس گھناوٴنے جرم کے ذمہ دارافراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے تحقیقات میں پاکستانی حکام کی مدد کرنے کیلئے تیار ہے۔

امریکہ کوپاکستان میں جاری انتہا پسندوں کی تشدد آمیز کارروائیوں پربدستور تشویش ہے۔ ہم عبادت گاہوں پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہیں خواہ وہ پاکستان میں یاکسی اور ملک میں ہوں۔

(جاری ہے)

انتہا پسندوں کی تشدد آمیز کارروائیاں پاکستانی عوام کی اقدار پر حملہ اور تمام شہریوں کے خوشحال مستقبل کیلئے خطرہ ہیں۔یہ تاثر کہ اس انتہائی ظالمانہ فعل کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہے اوراس یا کسی اورمتشدد کارروائی کو اکسانے میں امریکہ کا کوئی کردار ہے ،لغو اور فضول بات ہے۔امریکہ کی جانب سے انتہا پسندوں کی تشدد آمیز کارروائیوں کا سد باب کرنے کیلئے حکومت پاکستان کی امداد جاری ہے۔ امریکہ پاکستان اور خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔