Live Updates

تحریک انصاف کے ڈرون حملوں کیخلاف دھرنے کو 56روز مکمل،تبلیغی مرکز پر حملہ کرنیوالوں کا اسلام یا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں،غیروں کی جنگ نے امن تباہ کر دیا،امن کے قیام کیلئے پرائی جنگ سے نکلنا پڑیگا،صوبائی ترجمان تحریک انصاف اشتیاق ارمڑ کا دھرنے اور احتجاجی مظاہرے سے خطاب۔ اپ ڈیٹ

جمعہ 17 جنوری 2014 20:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری ۔2014ء) تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف جار ی دھرنے کو 56روز مکمل ہو گئے ۔جمعے کو دھرنے کے56ویں روز پی کے گیارہ پشاورکے کارکنان نے تحریک انصاف کے صوبائی ترجمان،ایم پی اے اشتیاق ارمڑ کی قیادت میں دھرنا دیا اس موقع پر بابائے دھرنا فیاض خلیل بھی موجود تھے جبکہ کارکنان کی بڑی تعداد نے بھی دھرنے میں حصہ لیا۔

اتحادی جماعتوں کے کارکنان بھی دھرنا کیمپ میں موجود رہے ۔کارکنان نے اشتیاق ارمڑ کی سربراہی میں ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے صوبائی ترجمان اشتیاق ارمڑ نے گزشتہ رات تبلیغی مرکز میں ہونیوالے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف ہمیشہ سے ڈرون حملوں اور امریکی غلامی کی مخالفت کرتی آئی ہے ۔ہم اس ملک میں امن چاہتے ہیں اور ہمیشہ کہتے چلے آ رہے ہیں کہ امن کے قیام کیلئے پرائی جنگ سے نکلنا ضروری ہے لیکن افسوس سابقہ او رموجودہ حکمران امریکی غلام تھے اور رہیں گے ۔ان سے بہتری کی کوئی امید نہیں۔امن لانے کیلئے ضروری ہے کہ امریکی جنگ سے باہر نکلا جائے اور امریکی مفادات کی بجائے اپنے ملک کے مفادمیں پالیسیاں تشکیل دی جائیں۔

انھوں نے کہا کہ غیروں کی جنگ کی وجہ سے آج نوبت یہاں تک آ پہنچی کہ نہ تو ہمارے بیگناہ عوام ڈرون سے محفوظ ہیں اور نہ ہی ہمارے جنازے ،مساجد،حجرے بم دھماکوں سے محفوظ ہیں۔انھوں نے کہا کہ ڈرون حملے بند ہونے تک نیٹو سپلائی بند رہیگی۔انھوں نے کہاکہ تبلیغی مرکز میں دھماکا کرنیوالوں کا اسلام یاانسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔انسانیت کے دشمن ہی ایسے کام کر سکتے ہیں۔کارکنان نے مظاہرے کے موقع پر امریکہ اور وفاقی حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات