سندھ جونیئر اسپورٹس ایسوسی ایشن نے2014 کے کھیلوں کے مقابلوں کا کیلنڈر جاری کردیا

جمعہ 17 جنوری 2014 20:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری ۔2014ء) سندھ جونیئر اسپورٹس ایسوسی ایشن نے سال برائے2014ء میں اپنے تحت منعقد ہونیوالے کھیلوں کے مقابلوں کا کیلنڈر جاری کردیا ہے جس کے مطابق رواں سال کُل 14 مختلف کھیلوں کے ایونٹ منعقد کئے جائینگے۔ اس بات کا اعلان ایسوسی ایشن کے کے سیکریٹری سید نصرت حسین نے ایسوسی ایشن کے سالانہ اجلاس میں ممبران سے منظوری کے بعد کیا۔

نصرت حسین نے بتایا کہ جنوری کے مہینے میں بوائز کیلئے والی بال اور گرلز کیلئے تھرو بال کے مقابلے، فروری میں بوائز اینڈ گرلز کیلئے فٹبال اور اسی ماہ میں ریفریز اور ٹیکنیکل آفیشلز کورس بھی منعقد ہوگا، مارچ میں ہینڈ بال، اپریل میں بیڈمنٹن، مئی میں ٹینی کوائڈ اور ٹیچرز ورکشاپ، جون میں ایتھلیٹکس چمپئن شپ جولائی میں سمر کوچنگ کیمپس اور ٹیچرزورکشاپ، ستمبر میں باسکٹ بال، اکتوبر میں ٹیبل ٹینس، نومبر میں ہاکی اور دسمبر میں نیٹ بال کے مقابلے منعقد کئے جائینگے۔

(جاری ہے)

یہ تمام مقابلے کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ اور میرپور خاص میں منعقد ہونگے۔ اسکے علاوہ ایتھلیٹکس اور قومی کھیل ہاکی کو فروغ دینے کیلئے کراچی میں مرحلہ وار منعقد کرنے کا پروگرام بھی ترتیب دیا گیا ہے جہاں پہلے ٹاؤنز کی سطح پر پھر ضلعی اور آخر میں اضلاع کے فاتحین میں مقابلوں کا انعقاد کیا جائیگا۔ نصرت حسین نے بتایا کہ 2013ء میں بھی سندھ جونیئر کے پلیٹ فارم سے متعدد ایونٹ منعقد کئے تھے جس میں بڑی تعداد میں اسکولوں کے طلبہ اور طالبات نے شرکت کی تھی جبکہ رواں سال بھی ہم نے بنیادی سطح پر ٹیلنٹ برآمد کرنے کا عزم کیا ہوا ہے تاکہ سندھ کے شہری علاقوں کے مساوی دیہی علاقوں میں بھی بنیادی سطح کے کھلاڑیوں کو صحت مند سرگرمیاں میسر آئیں وہ بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا سکیں۔

ایسوسی ایشن کا اجلاس کسٹمزپریوینٹواسپورٹس کلب میں واقع ایسوسی ایشن کے دفتر میں منعقد ہوا جس میں صدر عظمت پاشا، چیئرمین کامل حسن، سیکریٹری نصرت حسین، عامر صدیقی، طارق خان، محمد ندیم، جاوید اقبال بیگ، شفقت حسین مکانی، غفران احمد، حسن عسکری، فرح ریاض، غزالہ یاسمین، فہمیدہ ضمیر، ریحان اکرم اور دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :