وزیر بلدیات سندھ نے حیدرآباد میں جاری ترقیاتی کاموں میں بے قاعدگیوں کی خبروں کا نوٹس لے لیا ،حیدرآباد میں صفائی ستھرائی اور بالخصوص سیوریج کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائیگا،شرجیل انعام میمن

جمعہ 17 جنوری 2014 19:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری ۔2014ء) وزیر بلدیات و اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے حیدرآباد، لطیف آباد، قاسم آباد اور ٹنڈو جام میں بارشوں سے قبل تمام مین نالوں اور برساتی نالوں کی فوری طور پر صفائی اور ان پر قائم تجاوزات کے خاتمے، حیدرآباد شہر میں صفائی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہر میں قائم کوڑے دانوں، سڑکوں، سڑکوں اور محلوں کی فوری طور پرصفائی کی مہم کا آغاز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ جاوید حنیف کو اس کی نگرانی کے احکامات دئیے ہیں۔

صوبائی وزیر نے حیدرآباد میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز کرنے اوران کاموں میں بے قاعدگیوں کی خبروں پر حیدرآباد ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے ڈائریکٹر کو ٹھرڈ پارٹی کنٹریکٹرز کے ذریعے اس کی کوالٹی کی انکوائیری کے بھی احکامات دئیے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو صوبائی وزیر شرجیل میمن کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر فشریز و لائیو اسٹاک جام خان شورو، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ جاوید حنیف، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد محمد نواز، ایڈمنسٹریٹر حیدرآباد قمر شیخ، میونسپل کمیشنر حیدرآباد محمد زاہد، حیدرآباد ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے ڈائریکٹر محمد سجاد احمد، محمد مغل سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے حیدرآباد میں صفائی ستھرائی اور بالخصوص سیوریج کے مسائل پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس میں کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں گذشتہ برس بھی بارشوں کے بعد برساتی پانی نے شہر میں تباہی مچادی تھی اور اس کے بعد ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد، لطیف آباداور قاسم آباد کے سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے ترقیاتی اسکیموں میں بھاری فنڈز مختص کئے گئے ہیں تاہم ابھی تک یہ اسکیمیں مکمل نہیں ہوئی ہیں اور ان پر جاری کاموں میں کوالٹی اور ان میں دیگر مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں کسی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس سلسلے میں تھرڈ پارٹی کنٹریکٹر سے اس کی مکمل انکوائیری کرائی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے ایڈمنسٹریٹر حیدرآباد اور میونسپل کمشنر حیدرآباد کو ہدایات دی کہ بلدیات میں موجود تمام گھوسٹ ملازمین کو فوری طور پر فارغ کیا جائے اور جو ملازمین ڈیوٹیوں سے غیر حاضر ہیں ان کو شوکاز نوٹسز جاری کئے جائیں۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر شہر بھر میں قائم تجاوزات کے خاتمے کے لئے پولیس اور دیگر امن و امان کی بحالی کے اداروں اور تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس طلب کریں اور آئندہ 72 گھنٹوں کے اندر شہر میں نالوں، سڑکوں اور پارکس میں قائم تجاوزات کے خاتمے کے لئے مہم کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے حیدرآباد ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے ڈائریکٹر کو بھی ہدایت کی کہ وہ جاری ترقیاتی اسکیموں کو مقررہ وقت سے قبل پوری کرنے کے لئے اقدامات کریں اور کوالٹی پر کسی قسم کی مصلحت پسندی کا مظاہرہ نہ کریں۔

متعلقہ عنوان :