الطاف حسین کاسیدنا برہان الدین کے انتقال پر گہرے رنج وغم کااظہار

جمعہ 17 جنوری 2014 17:29

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جنوری 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے داوٴدی بوہرہ جماعت کے روحانی پیشوا پیرسیدنا برہان الدین کے انتقال پر دلی صدمہ اورگہرے رنج وغم کااظہارکیاہے ۔ تعزیتی بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ پیرسیدنا برہان الدین نے پوری زندگی امن، بھائی چارے اوراحترام انسانیت کاپیغام دیا ، اپنی زندگی کا ایک ایک لمحہ انہوں نے اسی پیغام کیلئے گزاراورانسانیت کی بہت خدمت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ بوہری کمیونٹی کے روحانی پیشوا تھے لیکن امن اوراحترام انسانیت کیلئے ان کی جو خدمات ہیں اس کی وجہ سے وہ صرف بوہری کمیونٹی ہی میں نہیں بلکہ تمام برادریوں اور طبقوں میں بہت عزت واحترام کی نظرسے دیکھے جاتے تھے اورہم سب بھی ان کا بہت احترام کیاکرتے تھے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ سیدنابرہان الدین صرف بوہری کمیونٹی ہی کے لئے نہیں بلکہ ہرامن پسندانسان کیلئے مشعل راہ تھے۔ الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم پیرسیدنا برہان الدین کے انتقال پردکھ او رصدمہ کی اس گھڑی میں بوہری کمیونٹی کے غم میں برابرکی شریک ہے ۔