اسرائیلی حکومت مسجد ابراہیمی کے اردگرد کے علاقے پر ہاتھ صاف کرنا چاہتی ہے جو ناقابل معافی جرم ہے،حماس

جمعہ 17 جنوری 2014 14:53

غزہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جنوری 2014ء) حماس نے کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت الخلیل میں تاریخی مسجد ابراہیمی کے اردگرد کے علاقے پر ہاتھ صاف کرنا چاہتی ہے جو ناقابل معافی جرم ہے، فلسطینی اتھارٹی صہیونی منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے اسرائیل سے مذاکرات کا عمل فوری طور پر روک دے۔ ایک بیان میں حماس نے کہا کہ اسرائیلی اقدام مسجد ابراہیمی کے اردگرد سرزمین کی چوری ہے ہم اسے اپنے مقدسات اور الخلیل شہر میں اسلامی نشانیوں کی چوری سے تعبیر کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسی کوشش فلسطینی اراضی کیخلاف اسرائیلی جرائم کی طویل فہرست میں نیا اضافہ ہو گا۔ اسرائیل ان کوششوں سے ہماری اسلامی شناخت کو فلسطینی ذہنوں سے ختم نہیں کر سکے گا اس حوالے سے اسے ہر محاذ پر منہ کی کھانا پڑی گی۔ اسلامی تحریک مزاحمت نے فلسطینی مقدسات کیخلاف اسرائیلی چیرہ دستیوں پر بین الاقوامی برادری کی خاموشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ضمیر کا ان کوششوں کو روکنے میں ناکام ہونا نہ صرف فلسطینیوں بلکہ پوری امت مسلمہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ بیان میں عرب لیگ، او آئی سی سمیت دیگر عالمی اداروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فلسطینی سرزمین کو یہودی رنگ میں رنگنے کی اسرائیلی کوششوں کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

متعلقہ عنوان :