سیکورٹی اداروں اور سندھ حکومت کے مابین کوئی اختلافات نہیں ہیں،شرجیل انعام میمن ، کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن ہر حال میں جاری رہے گا،دہشتگردوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ،وزیر اطلاعات سندھ

جمعرات 16 جنوری 2014 20:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری ۔2014ء) صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹیڈ آپریشن ہر حال میں جاری رہے گا اور جرائم پیشہ عناصر و دہشتگردوں کے خاتمے تک سندھ حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔ سیکورٹی اداروں اور سندھ حکومت کے مابین کوئی اختلافات نہیں ہیں۔اس طرح کی خبروں کے ذریعے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

جمعرات کو اپنے دفتر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں جاری ٹارگیٹڈ آپریشن کو اس کے منتقی انجام تک پہنچا کر ہی دم لیا جائے گا اور اس سلسلے میں وفاقی اور سندھ حکومت مل کر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور سیکورٹی اداروں کے مابین کوئی اختلاف نہیں ہے اور ہم سب کراچی سمیت صوبے بھر کو جرائم پیشہ عناصر اور دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو رینجرز اور پولیس افسران کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔پولیس اور رینجرز کے افسران اور اہلکار اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے بھی اس صوبے اور بالخصوص کراچی میں قیام امن کی کوششوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں پولیس اور رینجرز پر حملہ کرنے والوں کے چہرے جلد عوام کے سامنے بے نقاب کریں گے اور اس سلسلے میں سیکورٹی اداروں کو بڑی حد تک کامیابی بھی مل چکی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے اور انہیں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن کسی بھی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ بلاتفریق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کیا جارہا ہے اور اب تک پولیس اور رینجرز نے ہزاروں کی تعداد میں جرائم پیشہ عناصربھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا ہے اور مقابلے کے دوران ہمارے کئی جوانوں نے شہادت کا مرتبہ بھی حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی چوہدری اسلم شہید اور فورسز کے جوانوں کو خون کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گا۔