صوبائی حکومت غیر سرکاری تنظیموں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے،شاہ فرمان،غیر سرکاری تنظیموں نے مشکل کی گھڑی میں صوبائی حکومت کو بھرپور تعاون فراہم کیا ہے،،صوبائی وزیراطلاعات

جمعرات 16 جنوری 2014 20:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری ۔2014ء)خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شاہ فرمان نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں کام کرنے والی بین الاقوامی اور مقامی غیر سرکاری تنظیموں کی کارکردگی اور کارروائیوں سے مکمل طور پر باخبر ہے اور ان پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

یہاں سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں شاہ فرمان نے کہا کہ غیر سرکاری تنظیموں کی کارکردگی اور کارروائیوں سے متعلق حکومتی آگاہی کے بارے میں کسی قسم کے شکوک و شبہات نہیں ہونے چاہئیں انہوں نے کہا کہ شفاف طریقہ کار کے ذریعے ان تنظیموں کی کارکردگی کو جانچا جا رہا ہے وزیر اطلاعات نے کہا کہ غیر سرکاری تنظیموں نے مشکل کی گھڑی میں صوبائی حکومت کو بھرپور تعاون فراہم کیا ہے اور صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بھی اپنا موثر کردار ادا کیا ہے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت ان غیر سرکاری تنظیموں کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گی جو کسی طرح بھی عوامی اور ملکی مفاد کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث پائی گئیں۔انہوں نے کہا کہ غیر سرکاری تنظیموں کی کارکردگی جانچنے کے بعد حکومت آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرے گی۔