لاہور چیمبر اور سٹی ٹریفک پولیس تاجروں کے ٹریفک اور لائسنسنگ سے متعلقہ مسائل حل کرنے کیلئے مل کر کام کریں گے‘ اجلاس میں فیصلہ

جمعرات 16 جنوری 2014 17:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جنوری 2014ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سٹی ٹریفک پولیس تاجروں کے ٹریفک اور لائسنسنگ سے متعلقہ مسائل حل کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ یہ فیصلہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری ،چیف ٹریفک آفیسر کیپٹین (ر)سہیل چودھری اور لاہور چیمبر کے نائب صدر کاشف انور نے اجلاس سے خطاب کیا ۔

جبکہ ایم این اے وحید عالم خان، صوبائی محتسب اعلیٰ کے مشیر رانا احمد حسین۔ چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ ٹریفک پولیس کاروباری کی سہولت کی خاطر لاہور چیمبر میں بوتھ قائم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس کے موبائل یونٹس پہلے ہی لوگوں کی بڑی تعداد کو لائسنس کی سہولت مہیا کررہے ہیں اور وہ مارکیٹوں و سوسائٹیوں میں بھی جانے کو تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا کہ سٹی ٹریفک پولیس ٹریفک کی روانی کے لیے ہر ممکن کوشش کررہی ہے جبکہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی حکومت کی مدد کی جارہی ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاہور چیمبر ٹریفک پولیس سے ہر ممکن تعاون کرے گا ، ٹریفک کی روانی نہ صرف کاروباری شعبے کی پیداواری لاگت میں کمی لاتی ہے بلکہ اشیاء کی بروقت ترسیل بھی ممکن بناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک کا نظام درست رکھنا بہت بڑی ذمہ داری ہے لیکن ٹریفک پولیس یہ فریضہ احسن طریقے سے سرانجام دینے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور کاروباری برادری کے درمیان ٹھوس روابط بہت ضروری ہیں ، لاہور چیمبر ا سکے لیے اقدامات اٹھارہا ہے۔ لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین خامس سعید بٹ کاروباری برادری سے مسلسل رابطہ رکھنے پر ٹریفک پولیس کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی منظم معاشرے کی عکاسی کرتی ہے لہذا اس حوالے سے ٹریفک پولیس کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔

متعلقہ عنوان :