مشرف کیخلاف غداری کیس میں خصوصی عدالت کا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم

جمعرات 16 جنوری 2014 15:28

مشرف کیخلاف غداری کیس میں خصوصی عدالت کا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جنوری 2014ء) مشرف کیخلاف غداری کیس میں خصوصی عدالت نے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا ہے،میڈیکل بورڈ کو 24جنوری تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔میڈیکل بورڈ اے ایف آئی سی کے ڈاکٹروں پر مشتمل ہو گا،عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔ غداری کیس میں پرویز مشرف آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر کی طلبی کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

وکیل استغاثہ کا کہنا ہے مشرف جان بوجھ کرعدالت میں پیش نہیں ہو رہے ، مصر کے سابق صدر حسنی مبارک کو اسٹریچر پر عدالت میں لایا جاتا رہا ہے ، مشرف کیخلاف فردجرم عائد کر کے کارروائی آگے بڑھائی جائے ۔خصوصی عدالت میں جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے مشرف غداری کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

پرویز مشرف آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔وکیل استغاثہ اکرم شیخ نے اپنے دلائل میں کہا مشرف جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہو رہے۔

مصر کے سابق صدر حسنی مبارک کو اسٹریچر پر عدالت میں لایا گیا۔اکرم شیخ نے کہا عدالتی دائرہ اختیار میں سقم ہے تو ضابطہ فوجداری کے تحت کارروائی آگے بڑھائی جائے۔اس موقع پر مشرف کے وکیل رانا اعجاز نے کہا پرویز مشرف کو غدار قرار دینے والے پراسیکیوٹر جھوٹ بول رہے ہیں۔ان ریمارکس کے بعد مشرف کے وکلا اور پراسیکیوٹر کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی۔

پرویز مشرف کے وکیل رانا اعجاز نے کہا اکرم شیخ سب سے زیادہ میڈیا پر آتے ہیں۔اکرم شیخ سے کیسے نمٹا جا سکتا ہے،بخوبی جانتے ہیں۔انہوں نے کہا اکرم شیخ تو بیرسٹر بھی نہیں ہیں۔وکیل استغاثہ اکرم شیخ نے کہا میڈیکل رپورٹ میں نہیں لکھا کہ پرویز مشرف عدالت نہیں آ سکتے،میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر مشرف کو گزشتہ سماعتوں پر استثنیٰ دیا گیا۔عدالتی حکم عدولی پر خصوصی عدالت کارروائی کا حکم دے سکتی ہے۔

حکم پر عمل نہ کرنا توہین عدالت ہے۔مشرف کے وکیل انور منصور ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا بیماری کی وجہ سے پرویز مشرف عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔ڈاکٹروں نے مشرف کو فرانس سے علاج کا مشورہ دیا ہے،پرویز مشرف اس سے پہلے بھی فرانس میں علاج کرا چکے ہیں۔انورمنصور نے خصوصی عدالت پر قانونی اعتراضات کرتے ہوئے کہا اب تک خصوصی عدالت کے تمام فیصلے رجسٹرار نے سنائے خصوصی عدالت نے اپنے فیصلے کھلی عدالت میں نہیں سنائے،خصوصی عدالت کا یہ اقدام خلاف قانون ہے جس پر جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیئے مشرف کی عدم حاضری اور قانونی اعتراضات پر فیصلہ سنائیں گے۔

عدالت سے متعلق اگر کوئی قانونی اعتراضات ہیں تو تحریری طور پر جمع کرائے جائیں۔دریں اثناء اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کی خصوصی عدالت میں طلبی کے خلاف حکم امتناعی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ریاض احمد خان نے درخواست گزار فیصل چوہدری کی جانب سے سابق صدر پرویز مشرف کی خصوصی عدالت میں طلبی کے خلاف حکم امتناعی جاری کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت مشرف کے وکیل بیرسٹر سیف نے موقف اختیار کیا کہ پرویز مشرف پر ضابطہ فوجداری کا اطلاق نہیں ہوتا،سپریم کورٹ کے فیصلے تک مشرف کو خصوصی عدالت میں پیشی سے استثنٰی اورخصوصی عدالت کے پیشی کے فیصلے کے خلاف حکم امتناعی دیا جائے، جسٹس ریاض احمد خان نے کہا کہ سیکشن 12 تحت خصوصی عدالت کے حکم پر نظرثانی کا اختیار نہیں۔سیکشن 12 کے تحت خصوصی عدالت کے احکامات عدالت خود ہی واپس لے سکتی ہے، ہائیکورٹ خصوصی عدالت کے دائرہ اختیار میں مداخلت نہیں کرسکتی،عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد مشرف کی طلبی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو کسی بھی وقت سنایا جا سکتا ہے۔

مشرف کیخلاف غداری کیس میں خصوصی عدالت کا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا ..

متعلقہ عنوان :