کوئٹہ اور قلات میں گیس لیکج کے باعث گھر میں دھماکوں سے 11افراد زخمی

جمعرات 16 جنوری 2014 13:04

کوئٹہ /قلات(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جنوری 2014ء) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور قلات میں گیس لیکج کے باعث گھر میں دھماکوں سے 11افراد زخمی ہوگئے ۔ اطلاعات کے مطابق قلات کے علاقے سوراب میں واقع ایک گھر میں علی الصبح گیس لیکیج کے باعث دھماکہ ہو گیا جس کے باعث گھر میں موجود 4 بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری کارروائی کرتے ہوئے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

دھماکے کے باعث گھر کی چھت کو جزوی نقصان پہنچا مقامی ذرائع کے مطابق گذشتہ شب اہلخانہ نے چولہا جلایا تو گیس کی بندش کے باعث چولہا بجھ گیا جسے خاتون خانہ بند کرنا بھول گئیں اور گھر میں گیس بھرنے سے علی الصبح دھماکہ ہو گیا،زخمیوں میں ثانیہ،تانیہ،ثاقب،رضوان ،بلال اور غفار شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کوئٹہ کے نواحی علاقے دشت میں گیس لیکج کے باعث دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے دشت متوڑا میں ایک گھر میں گیس لیک تھی جو کمرے میں بھر گئی تھی جونہی گھر کے افراد نے صبح ہیٹر جلانے کے لئے ماچس کی تیلی جلائی تو اچانک زوردار دھماکہ ہوا جس کے سبب کمرے میں موجود تین افراد چھٹاخان ، جان محمد ،حاجی عبدالحیکم اور دیگر افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے سول سپتال پہنچایا گیا جہاں انہیں فوری امداد کے بعد بی ایم سی ہسپتال کی برن یونٹ منتقل کر دیا گیا ڈاکٹرز کے مطابق زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے-