وزیراعلیٰ سندھ کی چوہدری اسلم کی رہائش گاہ پر آمد، بیوہ کو حکومت سندھ کی جانب سے 2کروڑ روپے کا چیک پیش کیا،چودھری اسلم ایک بہادر، نڈر اور ایماندار افسر تھے ،اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا،سیدقائم علی شاہ

بدھ 15 جنوری 2014 22:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 جنوری ۔2014ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بدھ کو ایس ایس پی سی آئی ڈی چوھدری اسلم کی رہائش گاہ جاکر ان کے بیٹوں اور بیوہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شہید پولیس افسر کی بہادری اور سندھ پولیس کے لئے ان کی بے لوث خدمات کے اعتراف میں ان کی بیوہ کو حکومت سندھ کی جانب سے 2کروڑ روپے کا چیک بھی پیش کیا ۔

انہوں نے شہید پولیس افسر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چوھدری اسلم ایک بہادر، نڈر اور ایماندار افسر تھے جنہوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا جس کو جتنا خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ آئی جی پولیس سندھ شاہد ندیم بلوچ، ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی شاہد حیات،وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری رائے سکندر، شکیب قریشی اور دیگر افسران بھی تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر موجود پولیس افسران کو چوھدری اسلم کی شہادت کے اندونہاک واقعے کی تحقیقات کم سے کم وقت میں پوری کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ نہ صرف شہید پولیس افسر کے اہل خانہ بلکہ پوری قوم اس واقعے کی تحقیقات کی منتظر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے تمام پہلوؤں ، اسباب کو تحقیقات کے دائرے میں لایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جاسکے۔

چوھدری اسلم کی بیوہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ چودھری اسلم کی شہادت سے قوم کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔ حکومت سندھ دلیر پولیس افسر کے اہل خانہ کو اکیلا نہیں چھوڑے گی اور نوکری کی عمر پر پہنچنے کے بعد شہید کے ایک بیٹے کو پولیس میں نوکری دی جائیگی ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اہل خانہ کو یقین دہانی کرائی کہ ان کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت سندھ ان سے ہرقسم کا تعاون ومدد ترجیحی بنیادوں پر کرے گی اور شہید کے خاندان کو اس مشکل گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑیگی۔

انہوں نے کہا کہ شہید چوھدر ی اسلم کی دلیرانہ شہادت سے پولیس کے دیگر افسران کا مورال، جوش و جذبہ پہلے سے بڑھا ہے اور وہ چوھدری اسلم کی طرح دہشت گردوں سے صف آراء ہونا چاہتے ہیں ۔ اس موقع پر چوھدری اسلم کی بیوہ نورین اسلم نے کہا کہ انہیں اپنے شوہر کی شہادت پر فخر ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ ان کا ایک بیٹا پولیس میں شامل ہو کر اپنے والد کے مشن کو آگے بڑھائے ۔