الیکشن کمیشن نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی منسوخ کردیا ، خیبر پختون خوا حکومت مارچ کے آخر تک بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے سپریم کورٹ سے رابطہ کرے ،الیکشن کمیشن ،خیبرپختونخوا میں جنوری کے آخر تک حلقہ بندیاں مکمل ہوں گے اور فروری کے وسط تک شیڈول کا اجراء کریں گے ،ایڈیشنل سیکرٹری شیر افگن

بدھ 15 جنوری 2014 20:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 جنوری ۔2014ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی منسوخ کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا حکومت مارچ کے آخر تک بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے سپریم کورٹ سے رابطہ کرے۔ بلدیاتی انتخابات کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس بدھ کو الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں ہوا۔

اجلاس کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری شیر افگن نے بتایا کہ اسلام آباد اور کنٹونمنٹ کے علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ابھی تک یہاں پر انتخابات کیلئے قانون سازی نہیں ہو سکی۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے موقف اختیا کیا کہ خیبرپختونخوا میں انتخابات مقررہ مدت میں نہیں ہو سکتے یہ مارچ کے آخر تک کرائے جائیں جس پر الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ وہ اس بارے میں سپریم کورٹ سے مہلت طلب کرنے کیلئے رجوع کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات میں بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرانے کے حوالے سے بھی کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا بائیو میٹرک سسٹم لگانے پر ڈیڑھ ارب روپے لاگت آئیگی۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں جنوری کے آخر تک حلقہ بندیاں مکمل ہوں گے اور فروری کے وسط تک شیڈول کا اجراء کریں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لئے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق جن امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے وہ منسوخ تصور ہوں گے اور اب تمام انتخابی عمل دوبارہ ہو گا اس سال شیڈول بھی دوبارہ جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ امیدواروں کو نیا شیڈول آنے پر دوبارہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے ہوں گے تاہم ان کی طرف سے جمع کرائی گئی فیس دوبارہ جمع نہیں کرائی جائے گی۔