کراچی ،پے رول پر رہا 100سے زائد افراد کے قتل میں ملوث سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلرگرفتار

بدھ 15 جنوری 2014 20:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 جنوری ۔2014ء) پولیس نے پے رول پر رہا50پولیس اہلکاروں سمیت 100سے زائد افراد کے قتل میں ملوث سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ نے بدھ کو اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم آصف جمیل قریشی عرف پپو کو پولیس نے الفلاح تھانے کی حدود شاہ فیصل کالونی سے چھاپہ مارکر گرفتار کرلیا ہے ۔

ملزم 1993سے 1994تک 40سے زائد افراد کے قتل میں ملوث تھا ۔ملزم 1995میں ملائیشیا ء چلا گیا تھا 1997میں واپس آیا اور 1999میں گرفتار ہوا ۔ملزم کو عدالت نے 16افراد کے قتل میں پھانسی کی سزا سنائی تھی جو بعد ازاں عمر قید میں تبدیل ہوگئی اور 7سال جیل میں رہنے کے بعد2004 این آر او کے تحت اس کو رہا کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ رہا ہونے کے بعد بھی ملزم 60سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ کرچکا ہے ۔

ملزم نے ٹارگٹ کلنگ میں زیادہ تر کراچی آپریشن میں سرگرم پولیس افسران و اہلکاروں کو نشانہ بنایا ۔ملزم نے 60سے زیادہ عام افراد کا بھی قتل کیا ۔ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں ایس پی عزیز الرحمن دو بیٹوں اور ایک گن مین ،2005میں شہاب ،2006میں اسد اللہ اور ایم کیو ایم حقیقی کے کارکن ،2007میں عظیم اللہ صدیقی اور عمران جیوا ،12مئی 2007کو 4افراد ،2008میں فیضان ،پولیس اہلکار طارق ،عبداللہ صدیقی اور 4عام افراد ،2009میں پپو بلوچ ،دھوبی کشمیری ،سنی تحریک کے ایک کارکن ،2010میں سمیر اور ایک نامعلوم شخص ،2011میں 2افراد کو ،2012میں 2لڑکوں کو ڈاکو بناکر ،پولیس اہلکار شمشاد ،2013میں 2بلوچ اور 2جماعت اسلامی کے کارکنوں کو قتل کرنے کا انکشاف کیا ہے ۔

اس کے علاوہ ملزم نے جلاوٴ گھیراوٴ کی متعدد واردتوں میں ملوث ہونے کا انکشا ف کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :