وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے میونسپل سروسز کے شعبہ سے وابستہ بین الاقوامی ماہرین کے وفد کی ملاقات،شہریوں کو بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی نہایت اہمیت کی حامل ہے ،حکومت پینے کے صاف پانی ،دیگر شہری سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے ،واسا کی کارکردگی بہتر بنانے اورفراہمی و نکاسی آب کے نظام کی اصلاح کیلئے بین الاقوامی ماہرین کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے،ماہرین کی مشاورت سے میونسپل سروسز کو بہتر بنانے کیلئے قابل عمل روڈ میپ وضع کیا جائے ‘ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی وفد کے ارکان سے گفتگو

بدھ 15 جنوری 2014 20:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 جنوری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے میونسپل سروسز کی فراہمی کے شعبہ سے وابستہ بین الاقوامی ماہرین کے وفد نے یہاں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران فراہمی و نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے تعاون پر بات چیت ہوئی۔سیکرٹری ہاوٴسنگ،کمشنر لاہور ڈویژن،ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے ،ایم ڈی واسا،سی ای او اربن یونٹ اورمتعلقہ حکام کے علاوہ ٹورنٹو میونسپلٹی واٹر ڈویژن کینیڈا کے فیصل حق شاہین ،واٹر اینڈ سینٹیشن سپیشلسٹ مسرور احمد بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

ایم ڈی ڈربن واٹر یوٹیلٹی ساوٴتھ افریقہ این اے میکلڈ اور ایم ڈی نیشنل واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن یوگنڈا ، ویلیم ٹی مہائروے نے فراہمی ونکاسی آب کے نظام کوبہتر بنانے کے حوالے سے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے بین الاقوامی ماہرین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل سروسز کے شعبہ سے وابستہ ماہرین کی لاہور آمد پر خیر مقدم کرتے ہیں۔

شہریوں کو بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی نہایت اہمیت کی حامل ہے۔پنجاب حکومت شہریوں کو پینے کے صاف پانی اور دیگرشہری سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فراہمی و نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانا بے حد ضروری ہے اورواسا کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی ماہرین کے تجربات سے فائدہ اٹھا یاجائے ۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ماہرین کی مشاورت سے فراہمی و نکاسی آب کے نظام اور واسا کومتحرک ادارہ بنانے کے لیے روڈ میپ وضع کیاجائے۔

وزیراعلیٰ نے واسا کو فعال اور متحرک ادارہ بنانے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی ماہرین کی مشاورت سے فراہمی و نکاسی آب کے نظا م کی اصلاح کے لیے قابل عمل روڈ میپ وضع کرے۔ویلیم ٹی مہائروے نے یوگنڈا میں فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی خامیوں کی وجوہات اور اس نظام کی اصلاح کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یوگنڈااور جنوبی افریقہ میں اصلاحات کے ذریعے فراہمی و نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے ۔لاہورمیں بھی موثراصلاحات کے ذریعے فراہمی و نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی بہتر بنانے میں پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے۔