بورڈ کے امتحانات میں کاپی کلچر کی روک تھام کیلئے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے،نثار احمد کھوڑو

بدھ 15 جنوری 2014 17:28

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15جنوری 2014ء) سندھ کے سینئر و صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ صوبے میں بورڈ کے امتحانات میں کاپی کلچر کی روک تھام کیلئے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے، طالب علم امتحانات کیلئے اپنی تیاریاں مکمل کریں۔ بدھ کے روز جاری کردہ بیان میں صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ بورڈ کے امتحانات میں کاپی کلچر تعلیم کو تباہ کر رہا ہے ہمیں نوجوان نسل کا مستقبل عزیز ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب سندھ بھر میں کاپی کلچر کا دھبہ برداشت نہیں کریں گے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ امتحانات کی نگرانی خود کروں گا جس سینٹر پر کاپی کی اطلاع ملی وہاں کے عملے کے خلاف کارروائی ہوگی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ والدین، اساتذہ، سول سوسائٹی کاپی کلچر کے خاتمے کیلئے حکومت سے تعاون کریں۔

(جاری ہے)

نثار کھوڑو نے کہا کہ اساتذہ اسکولوں میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں، محکمہ تعلیم سندھ کسی بھی اسکول میں اساتذہ کی غیر حاضری کو برداشت نہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں گھوسٹ ملازمین کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، اساتذہ معاشرے کا معتبر پیشہ اختیار کئے ہوئے ہیں انہیں چاہئے کہ بچوں کی تعلیم پر خصوصی اور دل سے توجہ دیں تاکہ ہم اپنے اچھے معاشرے اور تعلیم یافتہ ملکوں میں شمار ہوسکیں۔