Live Updates

تحریک انصاف کے ڈرون حملوں کیخلاف جاری دھرنے 54روزمکمل

بدھ 15 جنوری 2014 17:28

تحریک انصاف کے ڈرون حملوں کیخلاف جاری دھرنے 54روزمکمل

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15جنوری 2014ء) تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف جاری دھرنے کو 54روزپورے ہو گئے۔بدھ کو پی کے آٹھ پشاور کے کارکنان نے جہانزیب خان کی قیادت میں دھرنا کیمپ میں ڈیوٹی دی جبکہ بدھ کو 54ویں رو زپی کے 9کے کارکنان نے ایم پی اے ارباب جہانداد کی قیادت میں دھرنا دیا ۔اراکین قومی اسمبلی انجینئر حامد الحق اور ساجد نواز خان نے بھی کیمپ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر کیمپ انچارج یونس ظہیر مہمند اور بابائے دھرنا فیاض خلیل سمیت اتحادی جماعتوں کے کارکنان بھی موجود رہے ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان سیسہ پلائی دیوار کی طرح اپنے موقف پر کھڑے ہیں اور جب تک ڈرون حملے بند نہیں ہوتے دھرنا بھی جاری رہیگا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا دوست نہیں ،ہر زمانے میں پاکستان کیساتھ دشمنی کی۔

وزیرستان کے معصوم بچے اور عوام ہر وقت اس خوف میں مبتلا رہتے ہیں کہ ابھی ڈرون حملہ ہو جائیگا جبکہ امریکہ میں بچے اس سے بے خبر مزے کی زندگی گزارتے ہیں۔یہ کیسا انصاف اور جمہوریت ہے جس میں اپنے دوست ملک میں قتل عام کیا جاتا ہو۔انھوں نے کہا کہ ہمیں کوئی امریکی امداد نہیں چاہئے ،ہم ایک با غیرت قو م ہیں اور اپنی زمین پر اپنا اختیار چاہتے ہیں اوروں کی جنگ میں حصہ لینے کے حامی نہیں۔

امریکی نام نہاد دہشتگردی کی جنگ کی وجہ سے ہمارے پچاس ہزار سویلین و فوجی مارے گئے اور کھربوں کا نقصا ن ہوا۔انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے اور امریکہ کی جنگ سے فوری علیحدہ ہو۔مقررین نے ڈرون حملوں کیخلاف کامیاب دھرنے کی نصف سنچری پوری ہونے پر پارٹی کارکنان اور اتحادیوں کو مبارکباد دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈرون حملوں کیخلاف دھرنا حملے بند ہونے تک جاری رہیگا۔آج جمعرات کو پی کے گیارہ پشاور کے کارکنان دھرنا کیمپ میں ڈیوٹی دینگے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات