نواب شاہ میں ٹریفک حادثہ، 16 طالب علموں سمیت 21 افراد جاں بحق، 15 سے زائد زخمی

بدھ 15 جنوری 2014 16:01

نواب شاہ میں ٹریفک حادثہ، 16 طالب علموں سمیت 21 افراد جاں بحق، 15 سے زائد ..

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15جنوری 2014ء) قاضی احمد روڈ پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں اسکول کے 16 طالب علموں سمیت 21 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ حادثے میں 15سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نواب شاہ میں قاضی احمد روڈ پر روہڑی کنال کے مقام پر تیز رفتار ڈمپر نے بچوں کی اسکول وین اور 2 مسافر گاڑیوں کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 16 طالب علوں سمیت 21 افراد جاں بحق ہوگئے،اسکول وین میں 20 سے زائد بچے سوار تھے اور ان کی عمریں 8 سے 15سال کے درمیان تھیں، حادثے میں 5 بچوں سمیت 15 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے،جس وقت حادثہ پیش آیا اس وقت اسکول کے بچے کسی دوسرے اسکول مقابلے میں شرکت کے لئے جارہے تھے۔

واقعے کے بعد ریسکیو اہلکاروں اور پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق اور زخمی افراد کو اسپتال منتقل کردیا ، اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

حادثے کے بعد پولیس نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں جب کہ انتظامیہ کی جانب سے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ دوسری جانب گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے حادثہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔

متعلقہ عنوان :