آزادکشمیر حکومت نے بین الاقوامی ڈونرز کی مدد سے آزادکشمیر کی تمام این جی اوز کے لیے کیپسٹی بلڈنگ کا ایک پراجیکٹ منظور کرلیا

بدھ 15 جنوری 2014 14:05

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15جنوری 2014ء) آزادکشمیر حکومت نے بین الاقوامی ڈونرز کی مدد سے آزادکشمیر کی تمام این جی اوز کے لیے کیپسٹی بلڈنگ کا ایک پراجیکٹ منظور کروایا ہے جس کے تحت اکسٹھ تنظیموں کو دو دو لاکھ روپے امداد دی جائے گی ہم چاہتے ہیں میرپور سے لے کر مظفرآباد تک لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی تمام تنظیموں کو وہ تمام سہولیا ت فراہم کی جائیں جو آج کی عالمی برادری میں اہم ہیں ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ سماجی بہبود سردار شکیل احمد نے میرپور بھر کی این جی اوز کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں سوشل ویلفیئر آفیسرز اصغر علی چودھری اور سہیلہ اعجاز کے علاوہ شہر کی پندرہ این جی اوز کے نمائندگان ڈاکٹر طاہر محمود، معروف میر، میر محمدصدیق، محمدعظیم خان، جنید انصاری، ملک محمد رفیق اعوان، خواجہ محمدافضل، چودھری اللہ دتہ، ارشد خان، خرم جرال، سعید احمد، راجہ شاہد کے علاوہ دیگر نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے موقع پر اتفاق رائے سے تحصیل این جی اوز کوآرڈی نیشن کونسل کے عہدیداران کا انتخاب عمل میں لایا گیا انجمن فلاح وبہبود انسانیت ڈائیلاسز سے ڈاکٹر طاہر محمود صدر،دیا ویلفیئر فاؤنڈیشن سے جنید انصاری جنرل سیکرٹری، اسلام گڑھ ویلفیئر ٹرسٹ سے ملک محمد رفیق اعوان سینئر نائب صدر،سرفراز ویلفیئر ٹرسٹ سے خواجہ محمد افضل نائب صدر، تعبیر فاؤنڈیشن سے چودھری اللہ دتہ جوائنٹ سیکرٹری اور انجمن دختران کشمیر سے ارشد خان کو سیکرٹری مالیات منتخب کیا گیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ سماجی بہبود سردار شکیل نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کی یہ خواہش ہے کہ اپنی مدد آپ کے تحت معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی خدمت کرنے والی تمام غیر سرکاری تنظیموں کو مناسب ترین ماحول اور رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ وہ لوگوں کی بہتر انداز میں خدمت کرسکیں۔