Live Updates

ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی عاشقان رسول کی جانب سے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم شایان شان انداز میں منایا گیا

بدھ 15 جنوری 2014 13:20

ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی عاشقان رسول کی جانب سے عید میلاد النبی ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15جنوری 2014ء) ملک بھر کی طرح صوبائی دارلحکومت کراچی میں بھی عاشقان رسول کی جانب سے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم شایان شان انداز میں منایا گیا، اس سلسلے میں گلی گلی آقا کی آمد کی خوشی میں محافل نعت و سلام کا انعقاد کیا گیا۔شہرقائد میں عیدمیلاد النبی کی مناسبت سے شہر کے مختلف علاقوں سے200 سے زائد جلوس برآمد ہوئے،جو مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوئے۔

اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے تھے۔عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی صبح بہاراں کا آغاز بارگاہ رسالت میں ہدیہ درود و سلام اور وطن عزیز کی سلامتی کے لئے اجتماعی دعاؤں سے ہوا۔کراچی کے ہر گلی ، کوچے، بازار اور چوراہوں پر سبز پرچموں کی بہارتھی جبکہ اہم عمارات، مارکیٹوں، بازاروں اور چوراہوں کو برقی قمقموں اور آرائشی سامان کے ذریعے انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیاتھا،اس کے علاوہ گھروں میں چراغاں کیا گیا، مساجد میں رسول اللہ کی سیرت مبارکہ اور سنتوں کے مختلف پہلوں پر روشنی ڈالی گئی جس میں رسول اللہ کی شان میں نذرانہ عقیدت کے پھول نچھاور کئے گئے، بعض مقامات پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے موئے مبارک سمیت دیگر متبرک اشیا کے دیدار کا بھی کرایاگیا ہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں عیدمیلاد النبی کی مناسبت سے شہر کے مختلف علاقوں سے200 سے زائد جلوس برآمد ہوئے۔آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کے حوالے سے کراچی میں عاشقان رسول ﷺ کا مرکزی جلوس علامہ شاہ تراب الحق کی قیادت میں میمن مسجد سے برآمد ہوا۔اس دوران شہر کے مختلف علاقوں سے آنیوالے چھوٹے بڑے جلوس بھی مرکزی جلوس میں شامل ہوتے رہے، جلوس میں بڑوں کے ساتھ بچوں اور خواتین کی بھی بڑی تعداد شریک تھی۔

جلوس کی گزر گاہوں کے اطراف مختلف مذہبی، سیاسی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے استقبالیہ کیمپ لگائے گئے، اس دوران تبرکات کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری رہا۔مرکزی جلوس کی حفاظت کیلئے ایم اے جناح روڈ کے اطراف تمام دکانوں کو سیل اور سڑکوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کردیا گیا تھا، فضائی نگرانی کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی جلوس کی مانیٹرنگ کی جارہی تھی، کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے چھتوں پر نشانہ باز بھی الرٹ رہے۔

شہر میں موبائل فون سروس معطل جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی رہی۔ پولیس اور رینجرز کے 5 ہزار سے زائد اہلکار جلوس کی سیکیورٹی پر معمور تھے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے رینجرز اور فوج کو اسٹینڈ بائی رکھا گیا تھا۔ ایم اے جناح روڈ صبح 9بجے سے ہی عام ٹریفک کے لئے بند جبکہ متصل گلیوں کو گزشتہ رات سے ہی سیل کردیا گیا تھا۔

جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔ مرکزی جلوس میں خواتین اور بچوں کی شرکت منع تھی لیکن اس کے باوجود خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شہرقائد کے مختلف حصوں میں برآمد ہونے والے جلوسوں کے استقبال کے لئے لنگر اور سبیلیں لگائی گئیں جبکہ اہم چوراہوں پر شرکا میں کھانے پینے کی اشیابھی تقسیم کی گئیں، جلوس کے شرکا نعت رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور درود و سلام پڑھتے ہوئے ایم اے جناح سمیت ہوتے ہوئے مقررہ مقامات پر نشترپارک پہنچے۔

جہاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علما کرام اور مذہبی رہنماں نے حضورصلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلوں کو اجاگر کیا۔منگل کوصوبائی دارالحکومت میں دن کا آغاز21 توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوا اور لاکھوں فرزندان توحید نے نماز فجر کی ادائیگی کے بعد بارگاہ رب العزت میں آمنہ کے لعل صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے ملک کی بقا، سلامتی اور ترقی و خوشحالی کے لئے دعائیں مانگیں، اس کے علاوہ کراچی شہرمیں ہر جگہ سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم کے چاہنے والوں کی جانب سے جلوس نکالے گئے جس میں ہر عمر کے بچے، بوڑھے اور جوان شریک ہوئے اور اپنے آقا کے دنیا میں آنے کی خوشیاں منائیں۔

Live عید الفطر سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :