Live Updates

ناکام سیاسی جماعتوں کے کارندوں کی تحریک انصاف پرسینیٹ میں تنقید قابل مذمت ہے،ڈاکٹر شیریں مزاری ،پانچ سال تک اقتدار میں رہ کر عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہ کرنیوالے ذمہ داری کیساتھ عوامی وعدے نبھانے والوں پر تنقید کررہے ہیں، بیان

پیر 13 جنوری 2014 22:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 جنوری ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے سینیٹ میں موجود تمام جماعتوں کے اراکین کی تحریک انصاف اور اس کی قیادت پر تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناکام سیاسی جماعتوں کے کارندوں کی تحریک انصاف پر ایسے ایوان میں تنقید جہاں وقتی طور پر اس کی نمائندگی نہیں ہے انتہائی قابل مذمت ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایسی جماعتوں کے اراکین جن کی قیادت پر بدعنوانی کے الزامات ہیں اور جو پانچ برس تک حکومت کے دوران عوام سے کیے گئے وعدے نبھانے میں یکسر ناکا م رہے ہیں، آج اس جماعت پر تنقید کر رہے ہیں جو انتہائی ذمہ داری کے ساتھ عوام سے کیے گئے وعدے نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ حکومت پوری دلجمعی سے اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور اس بات کا بخوبی ادراک رکھتی ہے کہ وہ اپی غلطیوں کوہتاہیوں کیلئے عوام کے روبروہ جوابدہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دے کر کہا کہ تحریک انصاف کا خود احتسابی کے جذبے اور اقربا پروری اور بدعنوانی کی بنیاد پر مروجہ روایتی اندازِحکومت کی تبدیلی اور قابلیت اور قانون کی حکمرانی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات نے ان روایتی جماعتوں کو حواس باختہ کر دیا ہے جنہوں نے خاندانی بالادستی اور بدعنوانی کی ثقافت کو سیاست میں فروغ بخشاہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت ان کی بے چینی کی اصل وجہ ہے جس سے خوفزدہ ہو کر یہ ایسے ایوان میں تحریک انصاف پر بلاجواز تنقید میں مصروف ہیں جہاں اس کی نمائندگی موجود نہیں ہے اور جہاں غیر حقیقی دعووں کی تردید ممکن نہیں ۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف پوری طرح پرعزم اور ثابت قدم رہے گی اور قوم سے کیے گئے اپنے وعدے وفا کرے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات