پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور نے دبئی ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف شکست کا تمام تر ملبہ ٹاس پر ڈال دیا ، سعید اجمل اور رنگنا ہیراتھ دونوں کو ہی پچ سے کسی بھی قسم کی مدد نہیں ملی ، کوچ واٹمور کی میڈیا سے گفتگو

پیر 13 جنوری 2014 22:29

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 جنوری ۔2014ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور نے دبئی ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف شکست کا تمام تر ملبہ ٹاس پر ڈال دیا ہے۔میڈیا سے با ت چیت کرتے ہوئے واٹمور نے کہا کہ ٹاس ہارنا شکست کی اہم وجہ تھی جہاں پہلی اننگ میں کم اسکور پر آوٴٹ ہونا فیصلہ کن ثابت ہوا۔واٹمور نے کہا کہ ٹاس ہارنا بدقسمتی تھی کیونکہ وکٹ فاسٹ باوٴلرز کیلئے سازگار تھی، بارش کے باعث وکٹ 24 گھنٹے سے زائد دیر تک ڈھکی رہی جس کے باعث پہلے دن ہمارے بلے بازوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے کوچ نے پہلی اننگ میں کم اسکور پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلی اننگ میں کم اسکور کا دفاع مشکل ثابت ہوا۔اس سوال پر کہ کیا وہ مصباح کی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ سیریز میں وکٹیں ہمارے مطالبے کے مطابق نہیں ملیں، تو انہوں نے مختصراً ہاں جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ سعید اجمل اور رنگنا ہیراتھ دونوں کو ہی پچ سے کسی بھی قسم کی مدد نہیں ملی۔واٹمور نے کہا کہ دنیا کے دیگر میچ وننگ باوٴلرز کی طرح اجمل کو بھی صحیح طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے، یہ کہنا غلط ہے کہ بیٹسمین اب ان کی گیند کو سمجھ چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :