لاہور کے رہائشی ڈاکٹر کو مبینہ طور پر کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے دس لاکھ روپے بھتے کا خط ،مقدمہ درج ،پیپلزپارٹی نے واقعہ کیخلاف پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التوا جمع کرادی

پیر 13 جنوری 2014 22:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 جنوری ۔2014ء) صوبائی دارالحکومت کے رہائشی ڈاکٹر شبیر انور کو مبینہ طور پر کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے دس لاکھ روپے بھتے کا خط موصول ہوا ہے، پیپلزپارٹی نے واقعہ کے خلاف پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التوا جمع کرادی ۔ڈاکٹر شبیر انور کے مطابق کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے انہیں کمپیوٹرائزڈ خط موصول ہوا خط میں مبینہ طور پر کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے دس لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شبیر انور دو روز قبل مطلوبہ مقام پر پیسے لیکر پہنچے مگر پیسے لینے والے نہ آئے ۔ انہیں پہلا خط 11 جنوری کو موصول ہوا جبکہ دوسرا خط 12 جنوری کو ملا۔ دوسری جانب تھانہ غازی آباد میں نامعلوم افراد کے خلاف بھتہ مانگنے اور دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پیپلزپارٹی کی خاتون رکن اسمبلی ڈاکٹر فائزہ ملک نے صوبائی دارالحکومت میں بھتہ خوری کا واقعات سامنے آنے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرادی ۔ متن میں کہا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں کالعدم تحریک طالبان کا بھتہ خوری کا مطالبہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔