وفاقی حکومت نے ڈسٹری بیوشنز کمپنیوں کو عید میلاد النبی پرلوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کر دی ،شہریوں نے متبادل انتظامات بھی کرلئے،شہریوں کی اکثریت نے گیس کی متوقع لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کے باعث نیاز گھروں میں پکانے کی بجائے بازار سے خریدنے کی منصوبہ بندی کرلی

پیر 13 جنوری 2014 21:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 جنوری ۔2014ء) وزارت پانی وبجلی نے ڈسٹری بیوشنزکمپنیوں کو کل (منگل)عید میلاد النبی کے روزلوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں ،شہریوں نے کل کسی بھی صورتحال سے بچنے کیلئے متبادل انتظامات بھی کر لئے جبکہ گیس کی متوقع لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کے باعث نیاز گھروں میں پکانے کی بجائے بازار سے خریدنے کی منصوبہ بندی بھی کر لی ہے ۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایت پر وزارت پانی وبجلی نے کل جشن عیدمیلاد النبی کے موقع پرلوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حوالے سے بجلی کی تمام تقسیم کمپنیوں کے ذمہ داران کو مراسلے کے ذرایعے احکامات جاری کر دئیے ہیں ۔ جس میں کہا گیا ہے کہ عیدمیلاد النبی کے موقع پر کہیں بھی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے تاکہ اس دن کی مناسبت سے عبادات اور دیگر پروگراموں میں خلل نہ آئے ۔

(جاری ہے)

تاہم محافل اور دیگر تقریبا ت کا اہتمام کرنے والوں نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث کسی بھی خلل سے بچنے کیلئے متبادل انتظامات کر لئے ہیں جسکے تحت جنریٹرز اور یو پی ایس کا انتظام کرلیا گیا ہے ۔ دوسری طرف شہریوں کی اکثریت نے گیس کی متوقع لوڈشیڈنگ اورکم پریشر کے پیش نظر عید میلاد النبی کے موقع پرنیاز گھروں میں پکانے کی بجائے بازار سے خریدکر تقسیم کرنے کی منصوبہ بندی بھی کر لی ہے ۔ علاوہ ازیں سوموارکے روزبھی بجلی اورگیس کی لوڈ شیڈنگ اپنے معمول کے مطابق جاری رہی تاہم اس میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ گزشتہ روز مختلف شہری علاقوں میں چھ سے آٹھ گھنٹے تاہم دیہی علاقوں میں 10سے 12گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔جبکہ گیس کے کم پریشر او رلوڈ شیڈنگ کی شکایات بھی بر قرار ہیں۔