کراچی،فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں خاتون سمیت2افراد ہلاک ،پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران29ملزمان کو گرفتار کرلیا ،اسلحہ برآمد

پیر 13 جنوری 2014 19:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 جنوری ۔2014ء) کراچی کے مختلف علااقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 2افراد ہلاک ہوگئے ۔جبکہ پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران29ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق گلشن معمارتھانہ کی حدود افغان بستی مہاجر کیمپ میں گھر کے اندرفاطمہ نے فائرنگ کرکے اپنے شوہر 35سالہ قاری عبدالمالک ولد سہراب خان کو قتل کردیا ۔

مقتول کے بھائی عبدالحئی نے” این این آئی “کو بتایا ہم 7بھائیوں میں مقتول دوسرے نمبر پر تھا اور کباڑمیں پلاسٹک ڈرم کا کام کرتا تھا ۔مقتول کی پانچ سال قبل شادی ہوئی تھی ۔دو بچے پیدائش کے بعد فوت ہوچکے تھے ۔مقتول پر خاندان کی جانب دوسری شادی کرنے کا دباوٴ تھا ،جس پر تلخ کلامی پر بیوی نے گولی مارکر اس کو قتل کردیا۔

(جاری ہے)

مقتول کا تعلق نورزئی افغان قبیلہ سے تھا جبکہ ملزمہ فاطمہ کا تعلق ماشن زئی قبیلے سے تھا ۔

مقتول کا آبائی تعلق قندھار سے بتایا جاتا ہے ۔لاش کو غسل کے بعد قبرستان کے لیے لے گئے تھے جہاں پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا ۔پوسٹ مارٹم تدفین افغان کیمپ کے قبرستان میں کی گئی۔پولیس کے مطابق ملزمہ فاطمہ واقعہ کے بعد فرار ہوگئی ۔بغدادی کے علاقے لیاری رانگی واڑہ شاہ بیگ لین میں دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں فائرنگ سے 25سالہ گلشن بی بی دختر کریم بخش ہلاک ہوگئی ۔

خاتون کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔چاکیواڑہ کے علاقے میراں ناکہ میں فائرنگ سے 25سالہ محمد عثمان ولد فقیر محمد کچھی زخمی ہوگیا ۔دوسری جانب کراچی پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 29 افراد کو گرفتار کرلیا۔ کیماڑی ڈویڑن پولیس نے شیرشاہ ، مچھر کالونی ، سلطان آباد اور مواچھ گوٹھ میں چھاپے مارے۔ ایس پی کیماڑی کے مطابق کارروائی کے دوران 24 ملزمان گرفتار کرلئے گئے ہیں جن میں منشیات فروش، مفرورملزمان اور جواری شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے منشیات اور تین موٹر سائیکلیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ بلدیہ ٹاوٴن ، گلشن غازی اور سعید آباد سے بھی 5 مشتبہ افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔