خیبرپختونخوا کے بعض علاقے فاٹا بن گئے جہاں حکومتی عملداری نظر نہیں آتی، افراسیاب خٹک

پیر 13 جنوری 2014 19:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جنوری۔2014ء) عوامی نیشل پارٹی کے رہنما افراسیاب خٹک کا کہنا ہے کہ عمران خان نے انہیں مایوس کردیا ہے اورخیبرپختونخوا میں خراب امن وامان کی صورتحال کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہےاگر وزیراعلیٰ پرویز خٹک ٹھیک کام نہیں کررہے تو انھیں تبدیل کیوں نہیں کیا جارہا۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سینیٹر زاہد خان کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے افرسیاب خٹک کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز سوات میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما امیر مقام پر حملہ ایک خوفناک صوتحال ہے، دہشت گردوں سے مذاکرات کرنا نہ کرنا مسئلے کا حل نہیں، ہمیں اپنے دفاع کے لئے اٹھنا ہوگا، ایسی صورتحال میں پاکستانی ریاست ریت میں سر ڈھک کر اپنا دفاع نہیں کرسکتی کیونکہ ریاست عوام کو نہیں بچا سکتی تو کون آگے آئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی کوئی ریاست نہیں ہوتی، خیبرپختونخوا میں گزشتہ چند ماہ کے دوران دہشت گردی کے کئی واقعات ہوئے لیکن صوبائی حکومت کہیں بھی نظر نہیں آرہی اور اب صورت حال یہ ہے کہ صوبے کے بعض علاقے فاٹا بن چکے ہیں جہاں حکومتی عملداری نظر نہیں آتی۔اس موقع پر سینیٹر زاہد خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں امن وامان کی صورتحال انتہائی خراب ہے اور اس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے لیکن صوبائی حکومت امن کے قیام کے لئے عملی اقدامات کے بجائے ڈرون حملوں کا بہانہ بنارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :