ایم کیوایم کے رہنما دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر، وزارت داخلہ کا سندھ حکومت کو مراسلہ

پیر 13 جنوری 2014 17:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جنوری 2014ء) وفاقی وزارت داخلہ نے متحدہ قومی موومنٹ کے کئی رہنماؤں پر دہشتگردوں کے حملے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے سندھ حکومت کو ان کی سیکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے سندھ حکومت کو بھیجے گئے خصوصی مراسلے میں کہا گہا ہے کہ انٹیلی جنس رپورٹس کی روشنی میں ڈاکٹر فاروق ستار، فیصل سبزواری، خالد مقبول صدیقی اور نیبل گبول سمیت ایم کیوایم کے کئی رہنما دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر ہیں، اس لئے سندھ پولیس ان کی سیکیورٹی کے لئے مناسب اقدامات کرے۔

واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے کئی رہنماؤں اوران کے دفاتر پر حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان قبول کرچکی ہے اورایم کیوایم ان سیاسی جماعتوں میں سے ایک تصور کی جاتی ہے جو ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خلاف کارروائی کی حمایت کرتی ہے۔