حکم امتناعی کے باوجود بھرتی کا عمل جاری رکھنے پرآئی جی پنجاب کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر 29جنوری کو جواب طلب

پیر 13 جنوری 2014 15:00

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جنوری 2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے حکم امتناعی کے باوجود ٹریفک وارڈنزکی بھرتی کا عمل جاری رکھنے پرآئی جی پنجاب کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر 29جنوری کو جواب طلب کرلیا ۔ ٹریفک وارڈن بھرتی کیلئے پنجاب پبلک سروس کمیشن میں درخواست دینے والے نقیب شہزاد کے وکیل نے بتایاکہ انکے موکل کی دستاویزات میں ولدیت کے نام میں تھوڑا فرق ہے تاہم نہ صرف انہیں تحریری امتحان میں بٹھایا گیا بلکہ ان سے انٹر ویو بھی لیا گیا ۔

اب اس غلطی کو جواز بناتے ہوئے انہیں نا اہل قراردیدیا گیا ۔ معززعدالت نے اس سلسلہ میں 220ٹریفک وارڈنز کی بھرتی کے عمل کوروکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کیا تھا تاہم اسکے باوجود یہ عمل جاری ہے اور ٹریفک وارڈنز نے پولیس لائنز میں رپورٹ بھی کردی ہے اور انہیں نوکریوں کے لیٹر بھی جاری کردئیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

عدالت سے استدعا ہے کہ حکم امتناعی کے باوجود اس عمل کوجاری رکھنے پرآئی جی کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

سماعت کے دوران اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ عدالتی حکم کی تعمیل کی جارہی ہے اور حکم امتناعی کی خلاف ورزی نہیں کی گئی ۔ معزز عدالت نے آئی جی پنجاب کو توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت29جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے بھرتی کے عمل کے حوالے سے رپورٹ بھی طلب کرلی ۔

متعلقہ عنوان :