پنجاب کے چوکیداروں نے تنخواہوں میں اضافے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی

پیر 13 جنوری 2014 14:59

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جنوری 2014ء) پنجاب کے چوکیداروں نے تنخواہوں میں اضافے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔درخواست انجمن چوکیداران پنجاب کی جانب سے دائر کی گئی۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب نے مزدور کی کم از کم اجرت 10ہزار روپے کرنے کا اعلان کیا مگر آج تک اس پر عمل نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے دیہاتوں میں سرکاری ڈیوٹی دینے والے چوکیدار آج کے دور میں بھی تین سو روپے ماہانہ تنخواہ وصول کر رہے ہیں جو کہ نہ صرف بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ حکومتی عمل کا خمیازہ انہیں معاشی مشکلات کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ڈیوٹی پر مامور چوکیدار دیہاتوں میں تعلیم، صحت کے مسائل، مالیہ کی وصولی، پیدائش اور اموات کا ریکارڈ رکھنے، جبکہ رات کے اوقات میں چوکیدار کے فرائض سر انجام دیتے ہیں مگر انہیں آج بھی ان کے اپنے حقوق سے محروم رکھا گیا ہے، لہذا عدالت ان کی کم از کم تنخواہ دس ہزار روپے مقرر کرنے کے احکامات صادر کرے۔