سپریم کورٹ نے پنجاب،سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں توسیع کی اجازت دے دی

پیر 13 جنوری 2014 11:36

سپریم کورٹ نے پنجاب،سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں توسیع کی اجازت دے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جنوری 2014ء) سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کو منسوخ کرنے کی اجازت دے دی،دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے لیے نیا شیڈول بنایا جائے گا۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کیس کی سماعت کی۔عدالت میں سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے موقف اختیار کیا کہ حلقہ بندیاں بحال ہو بھی جائیں تب بھی سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا موجودہ شیڈول منسوخ کرنے کے سواء کوئی آپشن نہیں۔

دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تین روز کی توسیع کے بعد انتخابی عمل ناممکن ہو چکا ہے۔الیکشن کمیشن صرف عدالتی حکمنامے کا انتظار کر رہا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں اٹھارہ جنوری کو انتخابات کرانے کیلئے چند گھنٹوں میں تین کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپنے ہونگے جبکہ پنجاب میں 30 جنوری کو انتخابات کرانے کیلئے بارہ روز میں تیس کروڑ بیلٹ پیپرز پرنٹ کرنا ہونگے جس پر سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں میں توسیع کی اجازت دے دی،سیکرٹری الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے شیڈول کے متعلق ابھی کچھ نہیں بتا سکتے۔

(جاری ہے)

امید ہے بلدیاتی انتخابات کے حوالے انتظامات جلد مکمل کرلیں گے۔بیلٹ پیپرز ضائع نہیں ہوئے،ہم نے پرنٹنگ کارپوریشن کو رقم دی تھی جس سے صرف ابھی کاغذ خریدا گیا ہے،بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع نہیں ہوئی۔کنٹونمنٹ،خیبرپی کے اور اسلام آباد میں انتخابات کی تاریخیں تبدیل نہیں ہوئیں۔