بھارتی حکام نے ڈاکٹر طاہر القادری کے دورہ کے آغازسے ایک ہفتہ قبل ویزہ جاری کرنے کا وعدہ کیا تھا‘ ترجمان منہاج القرآن ،ڈاکٹر طاہر القادری کا دورہ بھارت ،منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا اور آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن نے مل کر ترتیب دیا تھا،منہاج القرآن انٹرنیشنل کے تحت بنگلور انڈیا میں ہونے والی میلاد کانفرنس آجرات اسی مقام پر شیڈول کے مطابق ہو گی،بھارتی حکام کے مطابق آئی بی جنرل الیکشن اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ویزہ کلیرنس نہیں دے رہی

اتوار 12 جنوری 2014 23:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 جنوری ۔2014ء) تحریک منہاج القرآن کے ترجمان نے کہا ہے کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل بھارت میں ایک رجسٹرڈ این جی او ہے،ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا دورہ بھارت منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا اور وہاں کے مشہور تھنک ٹینک آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن نے مل کر ترتیب دیا تھا ،دونوں ادارے بھارتی اتھارٹیز سے رابطے میں تھے اور بھارتی حکام نے ان سے یہ وعدہ کیا تھا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے دورے کے آغاز سے ایک ہفتہ قبل ویزہ جاری کر دیا جائے گا ۔

اس یقین دہانی کے بعد منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیانے شیخ الاسلام کا مکمل دورہ ترتیب دیا تھا۔بھارتی حکام نے چند روز قبل منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا اور آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن کو بتایا کہ آئی بی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ویزہ کلیرنس نہیں دے رہی کیونکہ بھارت میں جنرل الیکشن بہت قریب ہیں اور انہیں ڈاکٹر طاہر القادری کے حوالے سے سنجیدہ نوعیت کے سیکیورٹی خدشات ہیں، ایسے حالات میں انڈیا کا ویزہ پروسیجر اجازت نہیں دیتا کہ ابھی ویزہ جاری کیاجائے۔

(جاری ہے)

اس لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا دورہ بھارت کے جنرل الیکشن کے بعد دوبارہ ترتیب دیا جائے ۔اس سارے پراسس کے دوران منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا کے عہدیداران بھارتی حکام کے ساتھ رابطے میں رہے اور کسی بھی موقع پر ڈاکٹر طاہر القادری نے براہ راست بھارتی اتھارٹیز سے رابطہ نہیں کیا۔یاد رہے کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے تحت بنگلور انڈیا میں ہونے والی میلاد کانفرنس جس میں لاکھوں افراد شرکت کر رہے ہیں،آج(سوموار) رات اسی مقام پر شیڈول کے مطابق ہو گی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے ۔

ڈاکٹر طاہر القادری کا خطاب سالانہ عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان لاہورسمیت پاکستان بھر میں 250 شہروں میں ہونے والے میلاد النبی ﷺ کے اجتماعات میں بھی براہ راست دیکھا جائے گا ۔