عابد شیرعلی مسلم لیگ (ن) کو بدنام کررہے ہیں وزیر اعظم نواز شریف کو وزارت واپس لے لینی چاہیے ، سراج الحق ،خیبرپختونخوا کی بجلی کاٹنے کی بات کی جاتی ہے، کیا ہمارے صوبے کو پاکستان کا حصہ نہیں سمجھا جاتا ،وزیر اعظم نواز شریف پیسکو کا انتظام صوبائی حکومت کو دے کر فائدہ خود لینا چاہتے ہیں ، خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کا سامنا ہے، امریکا ملکی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈرون حملے کررہا ہے ، میڈیا سے گفتگو

اتوار 12 جنوری 2014 20:38

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 جنوری ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر سراج الحق نے کہا ہے کہ عابد شیرعلی مسلم لیگ (ن) کو بدنام کررہے ہیں وزیر اعظم نواز شریف کو وزارت واپس لے لینی چاہیے ، خیبرپختونخوا کی بجلی کاٹنے کی بات کی جاتی ہے، کیا ہمارے صوبے کو پاکستان کا حصہ نہیں سمجھا جاتا ،وزیر اعظم نواز شریف پیسکو کا انتظام صوبائی حکومت کو دے کر فائدہ خود لینا چاہتے ہیں ، خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کا سامنا ہے، امریکا ملکی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈرون حملے کررہا ہے۔

اتوار کو فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر نے کہاکہ وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی خیبر پختونخوا کے عوام کو بجلی چور کہتے ہیں اور وہ ان کے الزامات کا جواب پشاور میں سے نہیں دینا چاہتے تھے اس لئے عابد شیر علی کے گھر کے سامنے کھڑے ہیں، وہ عابد شیر علی کو فیصل آباد اور وفاقی حکومت کا نمائندہ نہیں سمجھتے، ان کی زبان سے ایسے الفاظ نکلتے ہیں جس سے ہمارے زخموں پر نمک پاشی ہوتی ہے، عابد شیرعلی مسلم لیگ (ن) کی بدنامی کا باعث ہیں بہتر ہے کہ وزیر اعظم ان سے وزارت لے کر کسی سمجھ دار شخص کو ذمہ داریاں سونپیں۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں دریاوٴں پر 20 ایسے مقامات ہیں جہاں 18 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہو سکتی ہے۔ خیبر پختونخوا میں 40 ہزار بیرل یومیہ خام کی پیداوار ہے جو ملک کی مجموعی پیداوار کا نصف ہے، واپڈا کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں سالانہ 25.3 ارب روپے کی بجلی چوری ہوتی ہے، اس کے علاوہ سندھ میں 105روپے، خیبر پختونخوا میں 48.3 ارب اور بلوچستان میں 37.2 ارب کے لائن لاسز ہیں۔

اس کے باوجود خیبرپختونخوا کی بجلی کاٹنے کی بات کی جاتی ہے، کیا ہمارے صوبے کو پاکستان کا حصہ نہیں سمجھا جاتا۔سراج الحق نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف پیسکو کا انتظام صوبائی حکومت کو دے کر فائدہ خود لینا چاہتے ہیں اور نقصان صوبائی حکومت کے ذمہ ڈالنا چاہتے ہیں۔ سراج الحق نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کا سامنا ہے، امریکا ملکی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈرون حملے کررہا ہے، اس صورتحال میں صوبائی حکومت نے خود نیٹو سپلائی بند کی اور وفاقی حکومت نیٹو سپلائی کی صوبائی بندش کی بنیاد پر امریکا سے بات کرنے کے بجائے ہمارے خلاف ہی باتیں کر رہی ہے، سراج الحق نے کہاکہ شہدا کی قبروں پر پھول چڑھانا بہادری نہیں، بہادری اس میں ہے کہ حکومت ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پرویز مشرف کی پالیسیوں کو تبدیل کرے اور انھیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔