چار سدہ ، جائیداد کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ، پانچ افراد جاں بحق ، دو زخمی ، عمر زئی پولیس نے دونوں فریقین کی جانب سے دو الگ الگ ایف آئی آر درج کرلی ،تفتیش شروع ۔تفصیلی خبر

اتوار 12 جنوری 2014 18:25

چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 جنوری ۔2014ء) چارسدہ کے نواحی گاوٴں ترنگزئی میں جائیداد کے تنازعہ پر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے تھانہ عمرزئی پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ علاقہ ترنگزئی میں سکول کورونہ میں پیش آیا جہاں پر دو فریقین کا ایک پلاٹ میں سے زمین کیلئے راستہ نکالنے پر تنازعہ تھا۔

دونوں فریقین آپس میں چچا زادہ بھائی تھے ۔ اتوار کے دن تقریباً صبح کے دس بجے دونوں فریقین آمنے سامنے ہو گئے اور دونوں جانب سے اندھا دھند فائرنگ کر دی گئی ، ایک دوسرے پر گولیوں کی بوچھاڑ کرنے کے نتیجے میں فریق اول سے تین افراد الف خان اسکے دو جوان بیٹے مصطفی کمال اور علی خان موقع پر جاں بحق جبکہ الف خان کی بیٹی ثمینہ زوجہ نورخان شدید زخمی ہوئی ۔

(جاری ہے)

فائرنگ کے تبادلے میں فریق دوم سے دو افراد صاحب شاہ اور اسکا جوان بیٹا واجد موقع پر دم توڑ گئے ۔ واقعے کے بعد عمرزئی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمی خاتون سمیت تمام نعشوں کو دسٹرکٹ ہید کوارٹر ہسپتال منتقل کئے گئے ۔ پولیس کے مطابق ابھی تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ، ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی کاروائی جاری ہے ۔

فریق اول کی جانب سے زخمی خاتون ثمینہ نے ایف آئی آر درج کرتے ہوئے کہ ہم اپنے گھر میں بیٹھے تھے کہ صاحب شاہ اور اسکے بیٹوں واجد ، جمال ، رحمت اور مزمل شاہ نے گھر میں گھس کر ہم پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں میرا باپ اور دو بھائی جاں بحق جبکہ میں زخمی ہوئی ، فریق دوم سے ایف آئی آر درج کراتے ہوئے مقتول صاحب شاہ کی بیوہ زروری نے پولیس کو بتایا کہ میں اپنے شوہر اور بیٹے کے ساتھ گھر سے نکل کر کہیں جاری رہی تھی کہ اس دوران مصطفی کمال ، جاوید ، نوید اور شبیر نے ہم پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں میرا شوہر اور بیٹا موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ میں بال بال بچ گئی ، عمر زئی پولیس نے دونوں فریقین کی جانب سے دو الگ الگ ایف آئی آر درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ۔

متعلقہ عنوان :