برطانیہ میں پاکستانی نژاد افرادمیں بیروزگاری کی شرح میں تیزی سے اضافہ ،برطانیہ بھرمیں مجموعی طورپر تو نوجوانوں میں بیروزگاری کی شرح پچھلے 3برس سے 21فیصد پر قائم ہے ،رپورٹ

اتوار 12 جنوری 2014 15:50

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 جنوری ۔2014ء) سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں پاکستانی نژاد افرادمیں بیروزگاری کی شرح میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا۔ بیروزگاری کی شرح سے متعلق برطانیہ کے نجی ادارے کی جانب سے یہ سروے 2012ء اور 2013ء کے دوران کیاگیا۔سروے کے مطابق برطانیہ میں پچھلے 2برسوں کے دوران بیروزگاری کی شرح مجموعی طورپر 8فیصدرہی تاہم مختلف نسلوں کے حوالے سے دیکھیں تو سفیدفام افراد میں یہ شرح 7فیصدپر برقراررہی تاہم نسلی اقلیتوں میں یہ شرح 13سے بڑھ کر 14 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

(جاری ہے)

خاص طورپر سیاہ فام افراد میں یہ شرح 16 سے بڑھ کر 17فیصد پر جاپہنچی اور پاکستانی اور بنگلہ دیشی کمیونٹی کیلئے تشویش کی بات یہ ہے کہ ان کی کمیونٹیز میں یہ شرح 17سے بڑھ کر 19فیصد ہوگئی ہے۔برطانیہ بھرمیں مجموعی طورپر تو نوجوانوں میں بیروزگاری کی شرح پچھلے 3برس سے 21فیصد پر قائم ہے تاہم حیرت انگیزبات یہ ہے کہ نسلی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے 16 سے 24برس کے نوجوانوں میں یہ شرح 33فیصد سے غیرمعمولی طورپر بڑھ کر 37فیصد پر جاپہنچی ہے۔ پاکستانی کمیونٹی نے اس صورتحال کوپریشان کن قراردیا ہے کیونکہ نوجوان کسی بھی ملک اور گھرانے کا مستقبل سمجھے جاتے ہیں اور بیروزگاری بڑھے تو ان کے جرائم میں ملوث ہونے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :