جے یو آئی ف کے رکن بلوچستان عبد الرحمن کھیتران نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کے الزام میں گرفتاری دیدی ، پولیس اور انسداد دہشت گردی فورس نے میرے گھر میں گھس کر چادر اور چار دیواری کی حدود پامال کیں ، عبد الرحمن ،مقدمہ سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے ، گرفتاری دینے والے رکن اسمبلی کی گفتگو

اتوار 12 جنوری 2014 15:47

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 جنوری ۔2014ء) جمعیت علمائے اسلام (ف )کے رکن بلوچستان اسمبلی سردار عبدالرحمان کھیتران نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کے الزام میں گرفتاری پیش کردی۔ گزشتہ روز سردار عبدالرحمان کھیتران ان کے بیٹے سمیت 10افراد کے خلاف بارکھان تھانے میں مقدمہ درج کیاگیا تھا۔

(جاری ہے)

ان کے خلاف کار سرکار میں مداخلت، پولیس اہلکاروں پر تشدد اور اسلحہ چھیننے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

سردار عبدالرحمان کھیتران نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے خود گرفتاری دی ہے، ان کا موقف ہے کہ مقدمہ سیاسی بنیادوں پر قائم کیا گیا ہے اور مقدمے میں ان لوگوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے جو ضمنی انتخابات میں امیدوار ہیں، انھوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس اور انسداد دہشت گردی فورس نے ان کے گھر میں گھس کر چادر اور چار دیواری کی حدود پامال کیں۔