شانگلہ: وزیراعظم کےمشیرامیرمقام قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے، 6 پولیس اہلکارجاں بحق

اتوار 12 جنوری 2014 14:15

شانگلہ: وزیراعظم کےمشیرامیرمقام قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے، 6 ..

شانگلہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جنوری۔2014ء) وزیراعظم نوازشریف کے مشیر اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے جبکہ ان کی سیکیورٹی پر مامور 6 پولیس اہلکار جان بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام مار تونگ میں 2 قبائل کے درمیان ہونے والے تنازعے کی صلح کے لئے جا رہے تھے کہ شانگلہ کے قریب ان کے قافلے کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں امیر مقام خوش قسمتی سے محفوظ رہے تاہم ان کی سیکیورٹی پر مامور 6 پولیس اہلکار جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

ہلاک اور زخمی پولیس اہلکاروں کو قریبی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت جواد، لیاقت، فضل حیات، آصف اور جعفر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ہے۔امیر مقام کا دھماکے کے بعد اپنے بیان میں کہنا تھا کہ دھماکے سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے، دہشت گردوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گا اور اپنی سرگرمیاں جاری رکھوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کے جاں بحق ہونے پر انتہائی افسوس ہے۔

متعلقہ عنوان :