پاکستان اور امریکہ ایک دوسرے کو بھروسے کے قابل نہیں سمجھتے اور دونوں ممالک کے تعلقات مایوس کن ہیں ، امریکی وزیر دفاع

ہفتہ 11 جنوری 2014 23:14

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 جنوری ۔2014ء) سابق امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے اپنی کتاب میں انکشاف کیا ہے کہ پاکستان اور امریکا ایک دوسرے کو بھروسے کے قابل نہیں سمجھتے اور دونوں ممالک کے تعلقات مایوس کن ہیں۔رابرٹ گیٹس نے نئے انکشافات سے بھرپور اپنی کتاب میں کہا کہ امریکا نے کبھی بھی ایبٹ آباد آپریشن سے قبل پاکستان سے مشاورت کا نہیں سوچا تھا کیونکہ امریکا کو خوف تھا کہ آئی ایس آئی اسامہ بن لادن کی حفاظت کررہی تھی۔

(جاری ہے)

ویسے بھی پاکستان اور امریکا ایک دوسرے پر اعتبار نہیں کرتے اور دونوں ممالک کے تعلقات ہمیشہ مایوس کن رہے ہیں۔سابق امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ ایبٹ آباد آپریشن میں اگر پاکستانی فوج کا سامنا کرنا پڑتا تو انہوں نے آپریشن کمانڈر کو حکم دیا تھا کہ امریکی نیوی سیلز کسی صورت ہتھیار نہیں ڈالیں گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ان کا دوست نہیں لیکن کانگرس میں وہ اسلام آباد کا صرف اس لیے دفاع کرتے تھے تاکہ تعلقات میں مزید تناوٴ پیدا نہ ہو۔رابرٹ گیٹس نے اپنی کتاب میں مزید انکشاف کیا کہ براک اوباما کی تقریب حلف برداری سے کئی ہفتے قبل ہی انہوں نے امریکی صدر کو پاکستان کے ساتھ تعلقات کے بارے میں بتادیا تھا جس میں پاکستان کو بہت بڑا مسئلہ قرار دیا۔