مذاکرات سے پہلے طالبان سے سیز فائر کرایا جائے،شرجیل میمن

ہفتہ 11 جنوری 2014 22:29

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جنوری۔2014ء) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ مذاکرات سے پہلے طالبان سے سیز فائر کرایا جائے تاکہ اس طرح کے مزید واقعات نہ ہوں، یہ نہیں ہوسکتا کہ دہشت گرد دھماکے کرتے رہیں اور ہم مذاکرات کے انتظار میں رہیں، اے پی سی میں اس طرح کی کوئی چیز نہیں تھی۔

حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اب بھی چوہدری اسلم جیسے بیشتر پولیس آفیسر دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کررہے ہیں جبکہ دہشت گردوں کے پاس بارودی مواد کہاں سے آرہا ہے اور کون فراہم کررہا ہے اس بارے میں انٹیلی جنس ادارے کام کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی رپورٹ کے مطابق چوہدری اسلم پر خودکش حملہ ہوا، اس کیس میں کافی پیش رفت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے سندھ حکومت نے مکمل تیاری کرلی تھی۔ تاہم کچھ سیاسی جماعتوں کے عدالت میں جانے سے جنوری، فروری میں انتخابات کا ہونا مشکل ہے، کچھ پارٹیاں عدالت میں گئی ہیں تو اب جنوری اور فروری میں تو انتخابات کا ہونا مشکل ہے، اب الیکشن کمیشن ہی بلدیاتی انتخابات کے بارے میں حتمی فیصلہ کرسکے گا۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ سے کوئی دشمنی نہیں بلکہ سیاسی اختلافات ہیں، ایم کیو ایم سے بات چیت کے لیے دروازے آج بھی کھلے ہیں اور کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے۔