شہر قائد میں بدامنی کا تسلسل ،فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں باپ بیٹے سمیت مزید 5افراد جان کی بازی ہارگئے

ہفتہ 11 جنوری 2014 16:59

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جنوری 2014ء) شہر قائد میں بدامنی کا تسلسل جاری ہے ،لیاری ایک بار پھر میدان جنگ بن گیا ، ہفتہ کوفائرنگ اور پرتشدد واقعات میں باپ بیٹے سمیت مزید 5افراد جان کی بازی ہارگئے ،ماڑی پور میں ایک ہی خاندان کے 4افراد کے قتل میں ملوث ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا ،جبکہ رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگیٹڈ کارروائیاں کرکے 8ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق لیاری کے مختلف علاقوں رانگی واڑی، جھٹ پٹ مارکیٹ اور اطراف میں دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم جاری ہے اور علاقہ بموں کے آزادانہ استعمال سے دھماکوں سے گونجتا رہا۔فائرنگ کے نتیجے میں 2افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق مرنے والے اور زخمیوں کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔

(جاری ہے)

مسلسل فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

حالات کشیدہ ہونے کے باعث علاقے میں رینجرز کی بھاری نفری پہنچ گئی۔ ادھر منگھو پیر سیمنٹ فیکٹری کے قریب نا معلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے، فائرنگ میں جاں بحق ہونیوالے دونوں باپ بیٹے ہیں۔لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ میوہ شاہ قبرستان سے بھی ایک شخص کی تشدد ذدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔

دوسری جانب ماڑی پور کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران ماڑی پور میں، ایک ہی خاندان کے 4 افراد کے قتل میں ملوث مہر بخش ہلاک ہوگیا، ملزم مہر بخش 25 سے زائد وارداتوں میں ملوث تھا۔علاوہ ازیں رینجرز نے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کرکے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ رینجرز ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں جمعہ گوٹھ، گلشن غزالی، کورنگی، گلشن اقبال بلاک 13/D، گلشن غازی اور جلال آباد کالونی میں کی گئیں اور 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹرسائیکل اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :