پشاور، کباڑ مارکیٹ میں آتشزدگی،120 دکانیں جل گئیں،ایک شخص جاں بحق

ہفتہ 11 جنوری 2014 13:54

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جنوری 2014ء) پشاور صدر کے علاقہ نوتھیہ میں کباڑ کی مارکیٹ میں آگ لگنے سے 120 سے زائد دکانیں جل گئیں۔دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ریسکیو عملے نے پانچ گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ صدر کے علاقہ نوتھیہ پھاٹک کے قریب صبح پانچ بجے پرانے کپڑوں اور قالین کی دو دکانوں میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تمام مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ کے شعلے اتنے بلند تھے کہ دور سے ہی دیکھے جا سکتے تھے۔آتشزدگی سے مارکیٹ کے عقب میں واقع دو مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔مقامی لوگوں نے ہوائی فائرنگ کر کے اہل علاقہ کو جگایا اور محفوظ مقامات کی جانب منتقل کیا۔فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔

(جاری ہے)

اس دوران ایک دکان کی دیوار گرنے سے چار افراد بھی زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو کے عملے نے ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا۔

زخمیوں میں سے ایک ہسپتال میں دم توڑ گیا۔فائر بریگیڈ کی پانچ گھنٹے کی کاوش کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔تاجروں کے مطابق مارکیٹ میں 120سے زائد دکانیں تھیں جو تمام جل کر خاکستر ہو گئیں۔دکانوں میں موجود کروڑوں روپے کا سامان بھی جل گیا۔آگ لگنے کی فوری وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

متعلقہ عنوان :