اسرائیلی بینکوں کی یہودی آباد کاری میں معاونت پر مبنی سرگرمیاں، ہالینڈ کی فرم نے احتجاجا بائیکاٹ کر دیا

ہفتہ 11 جنوری 2014 12:42

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جنوری 2014ء) ہالینڈ کی فرم نے مختلف اسرائیلی بینکوں کی یہودی آباد کاری میں معاونت پر مبنی سرگرمیوں کیخلاف بطور احتجاج بائیکاٹ کر دیا جس پر اسرائیلی حکومت برہم ہوگئی۔ صہیونی حکومت نے جمعہ کو تل ابیب میں ہالینڈ کے سفیر کاسپار فیلڈ کیمب کو دفتر خارجہ طلب کر کے فرم کی جانب سے اسرائیلی بینکوں کے بائیکاٹ پر احتجاج کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہالینڈ کی پنشن فنڈز کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنیوالے ایک گروپ ”بی جی جی ایم“ نے پانچ بڑے یہودی بینکوں کی مقبوضہ عرب علاقوں میں یہودی توسیع پسندی میں معاونت پربطور احتجاج اپنا تعاون ختم کرنے اور اب تک کی گئی تمام سرمایہ کاری واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا جس پراسرائیل نے ہالینڈ کے سفیر کوطلب کرکے سخت احتجاج کیا۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق ہالینڈ کی ”بی جی جی ایم“ فرم نے اسرائیلی بینکوں ”ھابو الیم ،لومی فرسٹ انٹرنیشنل، ایف اسرائیل، ڈسکاوٴنٹ اور مزراحی تفاھوت“ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرتے ہوئے ان بینکوں کے ذریعے کی گئی تمام سرمایہ کاری ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ کمپنی کی جانب سے بائیکاٹ کے بعد صہیونی حکومتی اور کاورباری حلقوں کا شدید ردعمل سامنے آیا۔ دوسری جانب ہالینڈ کی حکومت نے صہیونی حکومت کے احتجاج کو مسترد کردیا ہے۔