چودھری اسلم کے چہرے اور سر کی تمام ہڈیاں ٹوٹ چکی تھیں،پوسٹمارٹم رپورٹ

جمعہ 10 جنوری 2014 17:47

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جنوری 2014ء)لیاری ایکسپریس وے پر عیسیٰ نگری قبرستان کے قریب دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے ایس پی سی آئی ڈی چودھری اسلم کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق چودھری اسلم کے چہرے اور سر کی تمام ہڈیاں ٹوٹ چکی تھیں، چودھری اسلم کی شناخت ان کی داڑھی سے کی گئی۔نجی ٹی وی کے مطابق چودھری اسلم کے سینے پر شدید چوٹیں تھیں اور پسلیاں بھی ٹوٹ گئی تھیں، ان کا نچلا دھڑ اور ٹانگیں بھی بری طرح متاثر ہوئی تھیں۔

(جاری ہے)

چودھری اسلم کی وصیت بھی منظر عام پر آگئی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ میرے مرنے کے بعد بچوں کی حفاظت کی ذمے داری حکومت پرہے، میرے مرنے کے بعد میرے بچوں کو بیرون ملک بھیج دیا جائے اور جب وہ بڑے ہوجائیں تو ان کو پاکستان واپس لا کر پولیس فورس میں بھرتی کیا جائے۔ چودھری اسلم گذشتہ روز لیاری ایکسپریس وے پر عیسیٰ نگری قبرستان کے قریب دہشت گرد حملے میں شہید ہوگئے تھے جس کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق دھماکہ خیزموادسے بھری پک اپ کو چوہدری اسلم کی گاڑی سے ٹکرایا گیا،ایس پی سی آئی ڈی چودھری اسلم پر حملہ خودکش تھا،حملے میں100 کلو سے زائد مواد استعمال ہوا۔