پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام فاٹا کرکٹ ریجن کے انتخابات 30جنوری کو منعقد ہونگے

جمعہ 10 جنوری 2014 16:01

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جنوری 2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام فاٹا کرکٹ ریجن کے انتخابات 30جنوری کو منعقد ہونگے،10ڈسٹرکٹس ایسوسی ایشن کے ووٹرز اپنے حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔پی سی بی کی جانب سے فاٹا کو علیحدہ ریجن کا درجہ ملنے کے بعد ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فاٹا ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے لئے عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا جارہاہے ، صدارت اور سیکرٹری کے عہدے کیلئے کئی امیدوار میدان میں آگئے ہیں ۔

30جنوری کو باجوڑ ایجنسی،خیبر ایجنسی کرکٹ ایسوسی ایشن ،نارتھ وزیرستان،ساؤتھ وزیرستان،کریم ایجنسی،مہمند ایجنسی وایف آر کوہاٹ کرکٹ ایسوسی ایشن ،ایف آر پشاور ،ایف آر ٹانگ،ایف آربنوں اور ایف آر ڈی آئی خان کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ،سیکرٹری اور فنانس سیکرٹریز اپنے ووٹ کا استعمال کرینگے ۔

(جاری ہے)

اور اس الیکشن میں جو کابینہ برسراقتدار آئے گا،وہی نائب صدر، سنیئر نائب صدرجائنٹ سیکرٹری ،فنانس سیکرٹری اورایگزیکٹیو کابینہ مکمل کرے گا۔

فاٹا ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اور سیکرٹری کے انتخابات کیلئے مختلف امیدواروں نے مختلف اضلاع کے دورے شروع کرکے ا لیکشن مہم تیز کردی ہے تاہم ایک سروے کے دوران معلوم ہواہے کہ ایف آر کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے صدارت کے امیدوار امجد خان کی پوزیشن مستحکم بتائی جاتی ہے ،صدارت کے دیگر امیدواروں میں نورالحق ،محمد ابراہیم ،محمد نعیم اور صمدشنواری ،عابد آفریدی اور مسعود اختر قابل ذکر ہیں ۔